Home » گرین ٹرانسپورٹ کی نئی تاریخ،پنجاب میں ای بائیکس اور الیکٹرک بسوں کا جال بچھانے کا فیصلہ

گرین ٹرانسپورٹ کی نئی تاریخ،پنجاب میں ای بائیکس اور الیکٹرک بسوں کا جال بچھانے کا فیصلہ

by ahmedportugal
12 views
A+A-
Reset

لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب میں ماحول دوست اور جدید نقل و حمل کے نظام کے قیام کے لیے ایک تاریخی اور سب سے بڑا انقلاب برپا کیا جا رہا ہے، جس کے تحت الیکٹرک بسیں، ای ٹیکسیاں، ای بائیکس اور ای تھری وہیلرز کو بڑے پیمانے پر متعارف کرایا جا رہا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ آئندہ پانچ سال میں صوبے میں 5 ہزار الیکٹرک بسیں عوام کی خدمت پر مامور ہوں گی،جس سے نہ صرف ٹرانسپورٹ کے نظام میں بہتری آئے گی بلکہ ماحولیاتی آلودگی میں بھی نمایاں کمی ممکن ہو سکے گی۔وزیراعلیٰ کے مطابق پنجاب نے الیکٹرک بسوں کی مینوفیکچرنگ انڈسٹری کے قیام کا اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے اور صوبے میں بسوں کا اسمبلنگ پلانٹ بھی فعال ہو چکا ہے۔مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب اب صرف بسیں نہیں چلا رہا بلکہ بسیں خود بنا رہا ہے،جو کہ صوبے میں ایک نئی صنعتی پیش رفت اور مینوفیکچرنگ انڈسٹری کے آغاز کا واضح ثبوت ہے۔انہوں نے نوجوانوں کے لیے ایک بڑے پروگرام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ایک لاکھ ای بائیکس سالانہ بنیادوں پر طلبا کو فراہم کی جائیں گی۔ان کے مطابق ہر ای بائیک پر 70 ہزار روپے کی سبسڈی دی جائے گی جبکہ طلبا کو صرف 14 ہزار روپے ڈاون پیمنٹ اور ماہانہ 2100 روپے کی سود فری قسط ادا کرنا ہو گی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ طالبات کے لیے خصوصی رعایت کے تحت ای بائیکس کی ڈاون پیمنٹ اور رجسٹریشن فیس حکومت خود ادا کرے گی جبکہ سرکاری ملازمین بھی آسان اقساط پر ای بائیکس حاصل کر سکیں گے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ گوجرانوالہ،گجرات،راولپنڈی،ملتان،ساہیوال،بہاولپور،ڈی جی خان،فیصل آباد اور سرگودھا ڈویژنز کی 91 تحصیلوں میں ابتدائی طور پر 1500 الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی،جس کے لیے پی سی ون منظور کر لیا گیا ہے۔ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ ڈیپارٹمنٹ کے اجلاس میں مختلف منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی جن میں الیکٹرک بس سروس،ای ٹیکسیز،لاہور SRT، الیکٹرک بائیکس،کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر اور مری گلاس ٹرین شامل ہیں۔اجلاس میں بتایا گیا کہ فیصل آباد اور گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے۔گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ کا روٹ 19.5 کلومیٹر سے بڑھا کر 25 سٹیشنز تک کر دیا گیا ہے جبکہ فیصل آباد ماس ٹرانزٹ 20.3 کلومیٹر پر مشتمل ہو گا جس میں 21 سٹیشنز شامل ہوں گے۔

مزید بتایا گیا کہ مختلف اضلاع میں 400 الیکٹرک بسیں فعال کی جا رہی ہیں جبکہ 212 بسیں تیار ہو چکی ہیں،جن میں سے 100 بسوں کا افتتاح 10 جولائی کو کیا جائے گا۔مزید 488 بسیں 20 جولائی کو چینی بندرگاہ سے پنجاب روانہ کی جائیں گی۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ جہاں بسوں کی تعداد کم ہے وہاں کم از کم 15 بسیں فوری فراہم کی جائیں اور تمام اضلاع میں ٹرانسپورٹ نظام کو یکساں بنیادوں پر بہتر بنایا جائے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ پر تین شفٹوں میں کام جاری ہے، جبکہ فیصل آباد میں ایئرپورٹ چوک اور جھمرہ روڈ پر تعمیراتی کام تیز کر دیا گیا ہے۔ SRT منصوبے کے تحت لاہور میں 18 کلومیٹر طویل روٹ پر بھی کام جاری ہے اور جولائی 2026 تک چار SRT ڈپو مکمل کیے جائیں گے۔وزیراعلیٰ نے تمام منصوبوں میں حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبے عوام کی سہولت اور جدید ٹرانسپورٹ نظام کے قیام میں سنگ میل ثابت ہوں گے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز