مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں اور پٹرول مافیا کے خلاف پنجاب حکومت کا بڑا کریک ڈاون،ذخیرہ اندوزوں کیلئے زیرو ٹالرنس پالیسی
اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)پنجاب حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی مصنوعی قلت پیدا کرنے، ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاون کا فیصلہ کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو فوری کارروائی کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
ایگزو نیوز کے مطابق حکومت کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب انفورسمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) کو متحرک کر دیا گیا ہے اور صوبے بھر میں پٹرول پمپس کی سخت نگرانی شروع کر دی گئی ہے تاکہ کسی بھی قسم کی ذخیرہ اندوزی یا مصنوعی قلت کو روکا جا سکے۔حکام کے مطابق بعض عناصر کی جانب سے خطے میں جاری کشیدگی اور گلف ریجن کی صورتحال کو جواز بنا کر پٹرولیم مصنوعات کی مصنوعی قلت پیدا کرنے اور قیمتوں میں اضافے کی قیاس آرائیاں پھیلانے کی کوشش کی جا رہی ہے، تاہم پنجاب حکومت نے واضح کیا ہے کہ صوبے میں پٹرولیم مصنوعات کا وافر ذخیرہ موجود ہے اور عوام کو کسی قسم کی پریشانی کی ضرورت نہیں۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ عوام افواہوں پر کان نہ دھریں کیونکہ حکومت صورتحال پر مکمل نظر رکھے ہوئے ہے۔ حکام کے مطابق مصنوعی قلت پیدا کر کے ناجائز منافع کمانے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کی ہے کہ ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی اختیار کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو پٹرول پمپس منافع خوری کے لیے مصنوعی قلت پیدا کرتے ہوئے پائے گئے، انہیں فوری طور پر سیل کر دیا جائے گا جبکہ متعلقہ لائسنس بھی منسوخ کیے جائیں گے۔حکومت پنجاب کے مطابق فیلڈ افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ صوبے بھر میں پٹرول پمپس کی مسلسل مانیٹرنگ کریں اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی صورت میں فوری کارروائی کو یقینی بنائیں۔حکام کا کہنا ہے کہ عوام کے مفادات کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور کسی کو بھی مصنوعی بحران پیدا کر کے عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں اور پٹرول مافیا کے خلاف پنجاب حکومت کا بڑا کریک ڈاون،ذخیرہ اندوزوں کیلئے زیرو ٹالرنس پالیسی
2