Home » پنجاب میں جدید علاج کی نئی تاریخ رقم،وزیر اعلیٰ مریم نواز کا جھنگ میں صحت انقلاب،ٹیلی میڈیسن،کارڈیک سرجری اور میڈیکل سٹی کا اعلان

پنجاب میں جدید علاج کی نئی تاریخ رقم،وزیر اعلیٰ مریم نواز کا جھنگ میں صحت انقلاب،ٹیلی میڈیسن،کارڈیک سرجری اور میڈیکل سٹی کا اعلان

by ahmedportugal
4 views
A+A-
Reset

جھنگ(ایگزو نیوز ڈیسک)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں جدید ہیلتھ سروسز کے دائرہ کار کو وسعت دینے کے لیے ٹیلی میڈیسن سسٹم متعارف کرانے اور جھنگ کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر (ڈی ایچ کیو) ہسپتال میں کارڈیک سرجری شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے،جبکہ نواز شریف میڈیکل ڈسٹرکٹ کی تعمیر کا آغاز بھی مارچ سے کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ نے یہ اعلانات جھنگ میں کیتھ لیب کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کیے۔
ایگزو نیوز کے مطابق جھنگ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت کا مقصد عوام کو ہر قسم کی طبی سہولت گھر کی دہلیز پر فراہم کرنا ہے تا کہ علاج کے لیے دور دراز شہروں کا رخ کرنے کی مجبوری ختم ہو۔انہوں نے کہا کہ جھنگ جیسے دورافتادہ شہر میں کیتھ لیب کا قیام ان کے دیرینہ خواب کی تکمیل ہے اور اب غریب و امیر کے درمیان علاج کے معیار میں کوئی فرق نہیں ہو گا،غربت اور وسائل کی کمی کے شکار افراد کے لیے ہارٹ اٹیک کسی قیامت سے کم نہیں کیونکہ بروقت علاج نہ ملنے کی صورت میں قیمتی جانیں ضائع ہو جاتی ہیں۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ہارٹ اٹیک کے مریض کو 60 منٹ کے گولڈن آور میں ہسپتال پہنچانا جان بچانے کے لیے انتہائی اہم ہے مگر ماضی میں جھنگ کے مریضوں کو لاہور یا فیصل آباد منتقل کرنا پڑتا تھا جس پر بھاری اخراجات بھی آتے تھے۔انہوں نے بتایا کہ اب جھنگ میں کیتھ لیب فعال ہونے کے بعد مریضوں کو بروقت علاج میسر آ رہا ہے اور کئی مریضوں کے پروسیجر 48 گھنٹوں کے اندر مکمل کیے گئے ہیں جبکہ بعض کو دیگر شہروں میں آٹھ ماہ بعد کی تاریخیں دی جاتی تھیں۔

وزیراعلیٰ نے کیتھ لیب میں ایک مریض کے پروسیجر کا مشاہدہ بھی کیا اور کہا کہ یہ سب انتظامیہ کے باہمی تعاون کے بغیر ممکن نہیں تھا،بعض اوقات کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز سے سختی بھی کرنی پڑتی ہے مگر یہ سختی ذاتی نہیں بلکہ عوامی ذمہ داری کے احساس کے تحت ہوتی ہے،میں یہ بات بار بار کہنا چاہتی ہوں کہ جھنگ کی ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن نے غیر معمولی تعاون کیا،کمشنر،ڈی سی اور ڈی پی او سب نے صرف تعاون نہیں کیا بلکہ ہر مرحلے پر سہولت فراہم کی،جو لیبز آج نظر آ رہی ہیں وہ برسوں میں نہیں بلکہ ہفتوں اور دنوں میں مکمل ہوئیں،یہ رفتار آپ کی محنت اور سپورٹ کے بغیر ممکن نہیں تھی،کبھی سختی بھی کرنی پڑتی ہے مگر میں نے آپ سب کو ہمیشہ اپنی ٹیم کا حصہ سمجھا ہے،آپ کو کبھی الگ نہیں دیکھا،حکومت عوام کے دکھ درد میں ان کے ساتھ کھڑی ہے اور ہمیشہ کھڑی رہے گی۔وزیراعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ صوبے بھر میں 16 کیتھ لیبز کا آغاز ہفتوں اور مہینوں میں کیا گیا،ساہیوال، مری اور سرگودھا میں کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹس قائم کیے گئے ہیں جبکہ مری میں خیبرپختونخوا سمیت دیگر صوبوں سے بھی مریض علاج کے لیے آتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ہسپتالوں کے دروازے دوسرے صوبوں کے بہن بھائیوں کے لیے بھی کھلے ہیں اور نئے ہسپتالوں کے ڈیزائن میں ان کی ضروریات کو بھی مدنظر رکھا جاتا ہے۔انہوں نے لاہور میں 100 بیڈ کے پہلے سرکاری کینسر ہسپتال کی تعمیر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ بھی صرف پنجاب نہیں بلکہ دیگر صوبوں کے مریضوں کی ضروریات کو سامنے رکھ کر بنایا جا رہا ہے۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ جھنگ کی کیتھ لیب کو باقاعدہ افتتاح سے قبل ہی فعال کر دیا گیا تھا تا کہ مریضوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے اور چند دنوں میں ہی درجنوں انجیوگرافی اور انجیوپلاسٹی کے پروسیجر مکمل کیے جا چکے ہیں۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ کچھ ہارٹ اٹیک مریض انجیوگرافی اور انجیوپلاسٹی سے صحت یاب ہو جاتے ہیں جب کہ بعض کو کارڈیک سرجری کی ضرورت پڑتی ہے،اسی لیے جھنگ میں کارڈیک سرجری شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کیتھ لیب کی فارمیسی میں ادویات اور ضروری سامان کی وافر مقدار موجود ہے۔تقریب سے خطاب میں وزیراعلیٰ نے جھنگ میں الیکٹرک بس سروس، صفائی و نکاسی آب کے منصوبوں،سیف سٹی کیمرہ مانیٹرنگ،بیوٹیفکیشن پراجیکٹس اور سڑکوں کی تعمیر و مرمت کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ آئندہ چھ ماہ میں جھنگ ایک ترقی یافتہ شہر کا منظر پیش کرے گا۔ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں صفائی کا نظام اب گلی محلوں اور گھروں کی دہلیز تک پہنچ چکا ہے،جب میں چیف منسٹر بنی تو واسا صرف چار پانچ شہروں میں فعال تھا،آج جھنگ میں واسا مکمل آپریشنل ہے اور ‘ستھرا پنجاب’ گلی محلوں،سڑکوں اور تحصیلوں کو صاف کر رہا ہے،جھنگ کا اپنا فلیٹ، مشینری اور سیف سٹی قائم ہے،سی سی ٹی وی مانیٹرنگ،بیوٹیفکیشن پروگرام اور چار بڑے پروجیکٹس مئی جون تک مکمل ہوں گے، 350 کلومیٹر روڈز کی تعمیر سے چھ ماہ میں جھنگ ترقی یافتہ شہر کی شکل اختیار کرے گا۔

صحت کے شعبے میں دیگر اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے بتایا کہ علاج عوام کی دہلیز تک پہنچانا ہماری ترجیح ہے،ہیپاٹائٹس،ٹی بی،دل کے امراض،کینسر کی ادویات اور انسولین 7 لاکھ افراد کو گھر پر فراہم کی جا رہی ہیں، 60 دن کی ادویات خود پہنچائی جاتی ہیں،یہ دائرہ مزید بڑھے گا،ڈائیلاسز کے مریض ڈائیلاسز کارڈ کے ذریعے سالانہ 10 لاکھ روپے تک علاج کرا سکتے ہیں،ادائیگی حکومت پنجاب کرتی ہے،انجکشن اور تمام اخراجات شامل ہیں،ڈی ایچ کیو ہو،ٹی ایچ کیو ہو یا کوئی سپیشلائزڈ ٹرشری کیئر ہسپتال،ہر جگہ واضح پیغام چل رہا ہے،اگر کوئی ادویات کے پیسے مانگے یا ٹیسٹ باہر سے کروانے کو کہے تو آپ نے انکار کرنا ہے،نہ دوا کے پیسے دینے ہیں،نہ ٹیسٹ باہر سے کروانا ہے،پنجاب حکومت سو ارب روپے کی مفت ادویات فراہم کر رہی ہے،اسی طرح لیور،کڈنی اور دیگر تمام آرگن ٹرانسپلانٹس مکمل طور پر مفت ہیں،یہ مہنگا علاج بھی ریاست دے رہی ہے۔۔انہوں نے کہا کہ کلینک آن ویل،فیلڈ ہسپتال،ایئر ایمبولینس، فالج کے مریضوں کے لیے مفت ٹی این کے انجکشن اور ٹیلی میڈیسن جیسے منصوبے عوام کو جدید طبی سہولتوں سے جوڑ رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ٹیلی میڈیسن سسٹم کے تحت ڈاکٹر فون سکرین پر دستیاب ہوگا اور دنیا بھر سے بہترین کنسلٹنٹ ڈاکٹر پنجاب لائے جا رہے ہیں۔نواز شریف میڈیکل ڈسٹرکٹ میں بچوں،دل،خون،ہڈیوں،جینیاتی،موذی امراض،جلنے والے مریضوں اور کینسر کے جدید علاج کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔خطاب کے اختتام پر وزیراعلیٰ نے کیتھ لیب منصوبے کی تکمیل پر صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر،سیکرٹری ہیلتھ نادیہ ثاقب،کمشنر فیصل آباد،ڈی سی جھنگ اور پولیس حکام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عوامی خدمت ہی حکومت کا اصل مقصد ہے اور جس نے مریض کے علاج میں غفلت کی،اسے حکمرانی کا کوئی حق نہیں ۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز