لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)مہنگائی کے دباو میں پسے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے حکومتِ پنجاب نے پیٹرول سبسڈی پروگرام کے تحت آن لائن درخواست دینے کا باقاعدہ طریقہ کار جاری کر دیا ہے،جس کے ذریعے شہری اب گھر بیٹھے آسانی سے رجسٹریشن کر سکیں گے۔
حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد سبسڈی کے نظام کو شفاف،موثر اور عوام دوست بنانا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سرکاری ویب سائٹ کے ذریعے اپنا اکاونٹ قائم کریں،جس کے لیے بنیادی ذاتی معلومات فراہم کرنا ضروری ہو گا۔رجسٹریشن کے عمل کو مکمل کرنے کے لیے موبائل فون پر موصول ہونے والے تصدیقی کوڈ کے ذریعے اکاونٹ کی توثیق کی جائے گی۔اکاونٹ کی کامیاب تخلیق کے بعد درخواست دہندگان کو دوبارہ لاگ اِن کر کے درخواست جمع کروانے کا مرحلہ مکمل کرنا ہو گا،جہاں متعلقہ پورٹل کے ذریعے پیٹرول سبسڈی کے لیے اپلائی کیا جا سکے گا۔اس دوران شہریوں کو اپنی گھریلو مالی صورتحال کے بارے میں مختصر مگر درست معلومات فراہم کرنا لازمی ہو گا تاکہ درخواست کا درست انداز میں جائزہ لیا جا سکے۔حکام کا کہنا ہے کہ درخواست جمع ہونے کے بعد شہریوں کو تصدیقی پیغام موصول ہو گا،جس کے ذریعے انہیں اپنے اندراج کی تکمیل سے آگاہ کیا جائے گا۔حکومتی موقف کے مطابق یہ پروگرام نہ صرف مہنگائی کے اثرات کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہو گا بلکہ سبسڈی کی تقسیم کو زیادہ شفاف اور منظم بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔
پیٹرول سبسڈی کا بڑا اعلان،گھر بیٹھے رجسٹریشن کا آسان طریقہ سامنے آگیا
16