Home » پنجاب حکومت کا بڑا ایکشن،کچہ ایریا میں سکیورٹی سخت،23 ارب کے تاریخی ترقیاتی منصوبے منظور

پنجاب حکومت کا بڑا ایکشن،کچہ ایریا میں سکیورٹی سخت،23 ارب کے تاریخی ترقیاتی منصوبے منظور

by ahmedportugal
9 views
A+A-
Reset

لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)پنجاب حکومت نے کچہ ایریا میں بڑھتے سکیورٹی چیلنجز اور پسماندگی کے خاتمے کے لیے ایک بڑا اور فیصلہ کن قدم اٹھاتے ہوئے 23 ارب روپے کے تاریخی ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی ہے،جس کے تحت خطے میں نہ صرف سخت سکیورٹی اقدامات نافذ کیے جائیں گے بلکہ ترقی،روزگار اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کا ایک جامع نظام بھی متعارف کرایا جا رہا ہے۔اس اقدام کو حکومت کی جانب سے کچہ ایریا کو جرائم سے پاک کر کے اسے قومی دھارے میں شامل کرنے کی ایک بڑی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے،جس کے دور رس اثرات سامنے آنے کی توقع ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے کے حساس اور پسماندہ کچہ ایریا کی ترقی اور امن و امان کے قیام کے لیے 23 ارب روپے کے ایک بڑے اور جامع ترقیاتی پیکج کا اعلان کرتے ہوئے خطے میں بنیادی تبدیلیوں کی بنیاد رکھ دی ہے۔اس منصوبے کے تحت نہ صرف سکیورٹی کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا بلکہ مقامی آبادی کو روزگار،تعلیم،صحت اور بنیادی سہولیات کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے گی۔وزیراعلیٰ نے ”اپنا کھیت، اپنا روزگار“ پروگرام کے اجرا کا اعلان کرتے ہوئے 14 ہزار 500 ایکڑ سرکاری اراضی مقامی افراد میں تقسیم کرنے کی ہدایت جاری کی ہے،جس کا مقصد زرعی سرگرمیوں کو فروغ دے کر لوگوں کو باعزت روزگار فراہم کرنا ہے۔کچہ ایریا ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت سکولوں،ہسپتالوں،سڑکوں اور پلوں کی تعمیر کے ساتھ ساتھ ٹرانسپورٹ اور کلینک آن ویلز کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی تاکہ دور دراز علاقوں کے مکینوں کو بنیادی سہولیات میسر آ سکیں۔

سکیورٹی کے حوالے سے بھی غیر معمولی اقدامات کیے جا رہے ہیں،جن میں جدید سولر انرجی سے چلنے والے ڈرونز کے ذریعے 24 گھنٹے نگرانی،جدید اے پی سیز اور پولیس گاڑیوں میں سرویلنس کیمروں کی تنصیب شامل ہے۔مزید برآں، تھانوں اور چیک پوسٹوں کو سیف سٹی مانیٹرنگ سسٹم سے منسلک کیا جائے گا تاکہ جرائم کی روک تھام اور فوری رسپانس کو یقینی بنایا جا سکے۔حکومتی منصوبے کے مطابق 7.1 ارب روپے امن و امان، 13.9 ارب روپے سوشل انفراسٹرکچر جبکہ 1.7 ارب روپے دیگر ترقیاتی اقدامات پر خرچ کیے جائیں گے۔تعلیم کے شعبے میں طالبات کے لیے سکول میل ملک پیک،ہونہار طلبہ کے لیے سکالرشپس اور لیپ ٹاپ کی فراہمی بھی شامل ہے جبکہ درجنوں سکولوں کی اپ گریڈیشن اور نئے تعلیمی اداروں کے قیام کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔
انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے 108 کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر اور 144 کلومیٹر پر مشتمل 27 ترقیاتی سکیمیں مکمل کی جائیں گی جبکہ مثالی گاوں منصوبے کے تحت سیوریج، ڈرینج اور سپورٹس سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ سکلز ڈیولپمنٹ پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو ہنر سکھانے کا منصوبہ بھی شامل ہے۔علاقے میں نادرا رجسٹریشن سروسز کے اجرا سے شہریوں کو شناختی دستاویزات کے حصول میں آسانی ہوگی، جبکہ سکیورٹی اہلکاروں کے لیے ہارڈ ایریا الاونس کی منظوری بھی دی گئی ہے۔غیر قانونی اسلحہ کے خاتمے کے لیے ڈیجیٹل مانیٹرنگ اور واپسی کا خصوصی نظام متعارف کرایا جا رہا ہے جبکہ حفاظتی اقدامات کے تحت مرکزی شاہراہوں کے اطراف لمبی فصلیں اگانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔حکام کے مطابق یہ پیکج کچہ ایریا کو جرائم سے پاک،پرامن اور ترقی یافتہ بنانے کی جانب ایک بڑا قدم ہے،جس کے ذریعے نہ صرف مقامی معیشت کو سہارا ملے گا بلکہ ریاستی رٹ بھی مضبوط ہوگی۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز