لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)کراچی میں گل پلازہ سانحے کے بعد پنجاب حکومت نے فائر سیفٹی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے اہم اور تاریخی اقدامات کا فیصلہ کر لیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت ہنگامی اجلاس میں یہ منظوری دی گئی کہ پنجاب بھر میں عالمی معیار کے مطابق ایکسٹرنل فائر ہائیڈرنٹس نصب کیے جائیں، تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری رسپانس ممکن ہو۔
ایگزو نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے واسا کو ہدایات جاری کی ہیں کہ ہر کمرشل عمارت سے 400 فٹ کے فاصلے پر ایک فائر ہائیڈرنٹ نصب کیا جائے جبکہ ہر ہائیڈرنٹ سے 500 فٹ کے فاصلے پر دوسرا ہائیڈرنٹ ہونا ضروری ہے، یہ ہائیڈرنٹس تنگ بازاروں،مارکیٹس اور کمرشل علاقوں میں لگائے جائیں گے تا کہ ریسکیو ادارے اور عمارت کے اہلکار فوری طور پر آگ پر قابو پا سکیں۔سیکرٹری ایمرجنسی سروسز پنجاب نے اس منصوبے پر عملدرآمد کے لیے باقاعدہ مراسلہ سیکرٹری ہاوسنگ کو بھیج دیا ہے،جس میں فوری عملدرآمد کی سفارش کی گئی ہے۔ منصوبے کے تحت پنجاب بھر کے واسا ایم ڈیز کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ ایک ہزار سے زائد مقامات پر ایکسٹرنل فائر ہائیڈرنٹس کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے اور ہر 400 فٹ پر ہائیڈرنٹس کی موجودگی چیک کی جائے۔حکام نے واضح کیا کہ اگر کسی کمرشل پلازہ کی اونچائی 50 فٹ سے زائد ہو تو اس کے مالکان کو خود فائر ہائیڈرنٹس نصب کرنے ہوں گے اور اگر یہ اقدام نہ کیا گیا تو پلازہ انتظامیہ کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات آتشزدگی کے واقعات میں جانی و مالی نقصانات کو کم کرنے،ریسکیو اداروں کو بروقت سہولیات فراہم کرنے اور شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔اس اقدام سے مارکیٹس اور تجارتی مراکز میں آگ لگنے کی صورت میں فوری اور موثر رسپانس ممکن ہو گا۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اجلاس میں زور دیا کہ جدید فائر سیفٹی انفراسٹرکچر کی تنصیب پنجاب بھر میں ترجیح ہونی چاہیے اور اس منصوبے پر کسی قسم کی تاخیر ناقابل قبول ہو گی۔حکام کا کہنا ہے کہ اس سے قبل کراچی کے سانحہ گل پلازہ نے یہ واضح کر دیا کہ ملک میں فائر سیفٹی کے نظام میں بہتری کی اشد ضرورت ہے اور اب پنجاب حکومت اس حوالے سے موثر اقدامات اٹھا رہی ہے۔