لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)پنجاب حکومت نے صوبے میں غیر قانونی کان کنی کے خاتمے کے لیے ایک نیا قانون اور مائنز اینڈ منرلز فورس قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی نے باضابطہ طور پر ”مائنز اینڈ منرلز بل 2025“ کی منظوری دے دی، جس کا مقصد مائنز اینڈ منرلز کے شعبے میں شفافیت، جدید انتظامی نظام اور ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا ہے۔اس نئے قانون کے تحت مائننگ کے تمام آپریشنز سخت قواعد و ضوابط کے تابع ہوں گے جبکہ نیوکلیئر انرجی، تیل اور گیس کے ذخائر اس دائرہ کار میں شامل نہیں کیے گئے۔بل میں ایک نئے کیڈسٹر سسٹم کا نفاذ تجویز کیا گیا ہے، جس کے ذریعے ایکسپلوریشن، پروسپیکٹنگ اور مائننگ ٹائٹلز جاری اور منسوخ کیے جائیں گے۔غیر فعال یا غیر قانونی ٹائٹلز فوری طور پر منسوخ کرنے کی اختیارات ڈائریکٹر جنرل کے پاس ہوں گے۔نئے قانون کے مطابق ٹائٹل ہولڈرز کے لیے سماجی اثرات اور ماحولیاتی پلان تیار کرنا لازمی ہو گا اور خلاف ورزی کی صورت میں جرمانے،لائسنس کی معطلی یا منسوخی کے اختیارات دیے گئے ہیں۔محکمہ مائنز اینڈ منرلز میں ڈائریکٹوریٹس کے نئے سٹرکچر کے تحت ڈائریکٹر جنرل کو لائسنسنگ، نگرانی اور ریکوری کے وسیع اختیارات حاصل ہوں گے جبکہ ہر ضلع میں ڈسٹرکٹ مائننگ لائڑن کمیٹیاں قائم کی جائیں گی۔مائننگ رائلٹی کی وصولی کے لیے جدید ”منرل ڈسپیچ انوائس“ سسٹم نافذ کیا جائے گا اور خطرناک کیمیکلز کے استعمال والی مائننگ کے لیے ٹیلنگز ڈیم کی منظوری لازمی ہو گی۔بل میں بڑے اور چھوٹے پیمانے کی کان کنی کی واضح قانونی درجہ بندی بھی شامل ہے۔ڈائریکٹر جنرل مائنز اینڈ منرلز کو افسران،انجینئرز اور جیولوجسٹ بھرتی کرنے،اضافی اختیارات تفویض کرنے اور کسی بھی لائسنس ایریا کا معائنہ کرنے کی مکمل اجازت حاصل ہو گی۔پولیس اور ضلعی انتظامیہ غیر قانونی کان کنی کی روک تھام میں معاون بنیں گی۔خلاف ورزی کی صورت میں جرمانے اور نوٹس جاری کرنا مجاز افسران کی ذمہ داری ہوگی۔بل کے تحت جیولوجسٹ، مائننگ انجینئرز اور سروئیرز کی رجسٹریشن،تجدید اور منسوخی کا جدید طریقہ کار بھی نافذ کیا جائے گا،جس سے کان کنی کے شعبے میں مکمل شفافیت اور قانونی عمل درآمد کو یقینی بنایا جا سکے گا۔یہ اقدام پنجاب حکومت کی طرف سے غیر قانونی مائننگ کے خلاف ایک مضبوط اور شفاف نظام قائم کرنے کی جانب اہم پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے،جس سے ملکی سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا اور ماحولیات کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔
پنجاب حکومت کا فیصلہ،غیر قانونی کان کنی روکنے کے لیے مائنز اینڈ منرلز فورس کا قیام،سخت قوانین اور جدید نگرانی کا اعلان
7