Home » فیول بحران کے خدشات،پنجاب حکومت نے پٹرول گاڑیوں کی خریداری پر پابندی عائد کر دی

فیول بحران کے خدشات،پنجاب حکومت نے پٹرول گاڑیوں کی خریداری پر پابندی عائد کر دی

by ahmedportugal
5 views
A+A-
Reset

لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)بڑھتے ہوئے فیول بحران کے خدشات اور عالمی منڈی میں غیر یقینی صورتحال کے پیش نظر پنجاب حکومت نے ایک بڑا اور دور رس فیصلہ کرتے ہوئے سرکاری سطح پر پیٹرول سے چلنے والی گاڑیوں کی خریداری پر پابندی عائد کر دی ہے۔اس اقدام کو نہ صرف معاشی دباو کم کرنے بلکہ توانائی کے متبادل ذرائع کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے،جہاں ایک طرف ایندھن کے بڑھتے استعمال کو قابو میں لانے کی کوشش کی جا رہی ہے تو دوسری جانب الیکٹرک اور ہائبرڈ ٹیکنالوجی کے فروغ سے مستقبل کی پائیدار پالیسی کی بنیاد بھی رکھی جا رہی ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق پنجاب حکومت نے توانائی کے موثر استعمال اور ماحولیاتی بہتری کے پیش نظر ایک اہم پالیسی فیصلہ کرتے ہوئے سرکاری محکموں کے لیے پیٹرول سے چلنے والی گاڑیوں کی خریداری پر پابندی عائد کر دی ہے۔ صوبائی وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمان نے اس فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ سرکاری ادارے صرف ہائبرڈ یا الیکٹرک گاڑیاں ہی خرید سکیں گے، جس کا مقصد ایندھن کے استعمال میں کمی اور متبادل توانائی کے فروغ کو یقینی بنانا ہے۔انہوں نے بتایا کہ حکومت الیکٹرک وہیکلز کے استعمال کو فروغ دینے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے تاکہ درآمدی ایندھن پر انحصار کم کیا جا سکے اور ماحولیاتی آلودگی پر قابو پایا جا سکے۔ان کے مطابق موجودہ پالیسی نہ صرف معاشی دباو کو کم کرنے میں مدد دے گی بلکہ طویل المدتی بنیادوں پر پائیدار ترقی کی راہ بھی ہموار کرے گی۔وزیر خزانہ نے عالمی حالات کا حوالہ دیتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر بین الاقوامی سطح پر کشیدگی، خصوصاً جنگی صورتحال برقرار رہی تو حکومت کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرنا پڑ سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے فیول کے استعمال میں کمی لانے کی کوششیں کی گئیں تاہم عوامی سطح پر اس حوالے سے خاطر خواہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔

انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ ملک میں ہر ہفتے فیول کے استعمال میں 7 سے 10 فیصد تک اضافہ ہو رہا ہے، جو معیشت کے لیے تشویشناک رجحان ہے۔ان کے مطابق اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہو جائے گا۔وزیر خزانہ نے یہ بھی بتایا کہ پاکستان اپنی تقریباً 81 فیصد پیٹرولیم مصنوعات مشرق وسطیٰ سے درآمد کرتا ہے، جس کے باعث عالمی منڈی میں قیمتوں کے اتار چڑھاو کا براہِ راست اثر مقامی مارکیٹ پر پڑتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اسی تناظر میں حکومت نے متبادل ذرائع توانائی کی طرف پیش رفت تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ مستقبل میں معاشی استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز