لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)پنجاب کے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے صوبے بھر میں شدید سردی کے پیش نظر تعلیمی اداروں کی تعطیلات میں ایک ہفتے کی توسیع کا اعلان کیا ہے۔ تعلیمی ادارے اب 19 جنوری سے دوبارہ کھلیں گے۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ یہ فیصلہ موسم کی شدت اور طلبہ کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے بتایا کہ اس حوالے سے اعلیٰ سطح اجلاس کے بعد آج باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔ انہوں نے والدین اور طلبہ کو پیشگی اطلاع دیتے ہوئے کہا، ہم بچوں کی صحت کو اولین ترجیح دیتے ہیں، اسی لیے موسم سرما کی چھٹیوں میں توسیع کی جا رہی ہے۔یہ اعلان والدین کی جانب سے بڑھتے ہوئے مطالبات کے بعد سامنے آیا، جنہوں نے کہا کہ شدید سردی میں بچوں کو سکول اور کالج بھیجنا صحت کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے۔ صوبے بھر میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی کے بعد اب طلبہ ایک اضافی ہفتے کی چھٹیوں سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔حکام نے بتایا کہ موسم کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور ضرورت پڑنے پر مزید اقدامات بھی کیے جائیں گے تاکہ طلبہ کی صحت اور حفاظتی انتظامات یقینی بنائے جا سکیں۔ اس فیصلے سے والدین کو بھی راحت ملی ہے اور موسم کی شدت کے دوران بچوں کی صحت کے تحفظ کی یقین دہانی ہوئی ہے۔
پنجاب میں شدید سردی کے پیش نظر سکولوں کی چھٹیاں ایک ہفتہ بڑھا دی گئیں،تعلیمی ادارے 19 جنوری تک بند رہیں گے
13