Home » جدید سفری سہولتوں کا نیا دور،پنجاب میں الیکٹرو بسوں کا دائرہ وسیع،مریم نواز کا صوبے میں ہزاروں بسیں چلانے کا ہدف

جدید سفری سہولتوں کا نیا دور،پنجاب میں الیکٹرو بسوں کا دائرہ وسیع،مریم نواز کا صوبے میں ہزاروں بسیں چلانے کا ہدف

by ahmedportugal
11 views
A+A-
Reset

عارفوالہ(ایگزو نیوز ڈیسک)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے کے مزید پانچ شہروں میں گرین الیکٹرک بس سروس کا باقاعدہ آغاز کر دیا،جس کے ساتھ پنجاب میں جدید، ماحول دوست اور عوامی سفری سہولتوں کے ایک بڑے منصوبے کا دائرہ مزید وسیع ہو گیا۔لیہ،چنیوٹ، سیالکوٹ،اوکاڑہ اور مری کے شہری اب جدید الیکٹرو بس سروس سے مستفید ہوں گے۔
ایگزو نیوز کے مطابق عارف والا میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ الیکٹرو بس منصوبہ پاکستان کے سب سے بڑے پبلک ٹرانسپورٹ منصوبوں میں شامل ہے،جس کا مقصد شہریوں کو جدید،آرام دہ اور ماحول دوست سفری سہولت فراہم کرنا ہے۔انہوں نے نئے منصوبے کے آغاز پر متعلقہ اضلاع کے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں تک بھی جدید ٹرانسپورٹ کی سہولت پہنچائی جا رہی ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت کا ہدف ہے کہ پانچ سال میں پنجاب میں 5 ہزار الیکٹرو بسیں چلائی جائیں جبکہ رواں سال مزید 1500 بسیں شامل کی جائیں گی۔انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں 1100 الیکٹرو بسیں فعال کی جا رہی ہیں اور اگست کے اختتام تک ان بسوں کو مکمل طور پر آپریشنل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔مریم نواز شریف نے کہا کہ الیکٹرو بس منصوبہ صرف سفری سہولت نہیں بلکہ پنجاب میں جدید ٹرانسپورٹ کلچر کے قیام کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

ان کے مطابق دیہی اور شہری علاقوں میں کوئی فرق کیے بغیر ہر تحصیل تک یہ سہولت پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ عام شہری بھی عالمی معیار کی سفری سہولت حاصل کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ طلبہ، خواتین،بزرگ شہریوں اور خصوصی افراد کے لیے الیکٹرو بس میں سفر مفت فراہم کیا جا رہا ہے جبکہ گرمی کے موسم میں ایئرکنڈیشنڈ الیکٹرو بسیں عوام کے لیے ایک بڑی سہولت ثابت ہو رہی ہیں۔تقریب میں صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے الیکٹرو بس منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ لیہ،اوکاڑہ،سیالکوٹ،چنیوٹ اور مری میں 10 مختلف روٹس پر 51 الیکٹرو بسیں چلائی جائیں گی۔بریفنگ کے مطابق لیہ میں جنرل بس سٹینڈ سے پہاڑ پور اور تحصیل ہسپتال تک،چنیوٹ میں تحصیل چوک سے بھوانہ اور لالیاں تک،اوکاڑہ میں ساہیوال بائی پاس سے کے ایف سی بائی پاس اور جنرل بس سٹینڈ سے شیر گڑھ تک،سیالکوٹ میں جنرل بس سٹینڈ سے ڈسکہ اور پسرور جبکہ مری میں جنرل بس سٹینڈ سے کوٹلی ستیاں اور 17 میل تک الیکٹرو بس سروس فراہم کی جائے گی۔

حکام نے بتایا کہ پنجاب کے 24 اضلاع میں پہلے ہی 500 الیکٹرو بسیں چلائی جا رہی ہیں جبکہ مزید اضلاع میں بھی مرحلہ وار توسیع کا عمل جاری ہے۔گوجرانوالہ، گجرات،شیخوپورہ،ملتان،وہاڑی،قصور،لودھراں،ننکانہ صاحب اور نارووال سمیت دیگر اضلاع میں بھی جولائی کے اختتام تک بس سروس شروع کرنے کا منصوبہ ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ الیکٹرو بس سٹینڈز کی تعمیر،بحالی اور دیگر انتظامی امور کی مسلسل نگرانی کی جائے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو منصوبے سے متعلق تمام مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت بھی کی۔مریم نواز شریف نے کہا کہ الیکٹرو بس منصوبہ مجموعی طور پر تقریباً 200 ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا جا رہا ہے اور یہ پنجاب کی تاریخ کے بڑے عوامی فلاحی منصوبوں میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ الیکٹرو بسوں پر سفر کرنے والوں کی تعداد تین لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے اور ہر ہفتے اس میں اضافہ ہو رہا ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ سوشل میڈیا پر ایک بزرگ شہری کی الیکٹرو بس میں آرام سے سفر کرتے ہوئے تصویر دیکھ کر انہیں خوشی ہوئی،کیونکہ اس منصوبے کا اصل مقصد ہی عام شہریوں کو باوقار،محفوظ اور آرام دہ سفر فراہم کرنا ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ پنجاب میں جاری گرین ٹرانسپورٹ منصوبہ مستقبل میں نہ صرف صوبے بلکہ ملک کے لیے ایک مثال بنے گا اور عوام کو جدید سفری سہولتوں کے نئے دور سے ہمکنار کرے گا۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز