لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)پنجاب بھر میں جنگلات اور قیمتی لکڑی کے تحفظ کے لیے محکمہ جنگلات نے غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائیوں کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے بڑی تعداد میں غیر قانونی آرا مشینوں،ٹمبر پروسیسنگ ملز اور دیگر غیر قانونی تنصیبات کو سیل اور ضبط کردیا ہے۔
محکمہ جنگلات پنجاب کے مطابق صوبے کے مختلف علاقوں میں جاری کریک ڈاون کے دوران 39 غیر قانونی آرا مشینیں اور 22 غیر قانونی ٹمبر پروسیسنگ ملز سیل کی گئی ہیں جبکہ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث مالکان کے خلاف قانونی کارروائی بھی شروع کردی گئی ہے۔حکام کے مطابق کارروائیوں کا بنیادی مقصد جنگلات سے غیر قانونی لکڑی کی کٹائی،اس کی غیر قانونی ترسیل اور پروسیسنگ کی روک تھام کے ساتھ ساتھ جنگلاتی وسائل کو محفوظ بنانا ہے۔محکمہ جنگلات کی فیلڈ ٹیمیں مختلف ڈویڑنز میں کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں اور غیر قانونی کاروباری سرگرمیوں کے خلاف مزید آپریشنز کا سلسلہ بھی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔مری فاریسٹ ڈویژن میں محکمہ جنگلات کی ٹیموں نے 6 مختلف مقامات پر کارروائی کرتے ہوئے 3 غیر قانونی ٹمبر کارخانے اور 9 آرا مشینیں سیل کردیں۔اسی طرح سیالکوٹ کے بجوات اور چپڑار کے علاقوں میں کارروائی کے دوران 24 غیر قانونی آرا مشینیں سیل کی گئیں۔اٹک میں بھی غیر قانونی لکڑی کے کاروبار کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دو مختلف مقامات پر قائم 10 غیر قانونی لکڑی کے کارخانے سیل کیے گئے۔راولپنڈی نارتھ کے مختلف علاقوں میں بھی غیر قانونی آرا مشینوں اور ٹمبر کے خلاف کارروائی کی گئی،جس کے دوران مشین ضبط کرکے اسے سیل کردیا گیا۔پنڈی گھیب میں کارروائی کے دوران 4 غیر قانونی آرا مشینیں ضبط کی گئیں جبکہ ایک غیر قانونی ٹمبر کارخانے کو سیل کردیا گیا۔محکمہ جنگلات کی ٹیموں نے چیچہ وطنی میں جنگلات کی حدود میں قائم غیر قانونی آرا مشینوں اور کوئلہ بھٹیوں کے خلاف بھی کارروائی کی اور متعدد غیر قانونی تنصیبات کو سیل کردیا۔لیہ میں کارروائی کے دوران 7 غیر قانونی کوئلہ بھٹیاں اور 13 غیر قانونی ڈھانچے مسمار کیے گئے جبکہ ایک غیر قانونی آرا مشین بھی سیل کردی گئی۔مری کے چنگواریان علاقے میں ایک غیر قانونی آرا مشین ضبط کی گئی جبکہ مری دھیرکوٹ میں بھی غیر قانونی آرا مشین کو سیل کردیا گیا۔
سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کارروائیوں کے حوالے سے کہا ہے کہ غیر قانونی لکڑی کی کٹائی، ترسیل اور پروسیسنگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ان کا کہنا ہے کہ پنجاب کے جنگلات اور قدرتی وسائل کا تحفظ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور محکمہ جنگلات اس مقصد کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔مریم اورنگزیب کے مطابق ٹمبر مافیا،غیر قانونی کٹائی اور غیر قانونی آرا مشینوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔انہوں نے واضح کیا کہ جنگلاتی وسائل کے تحفظ اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے محکمہ جنگلات کی فیلڈ ٹیموں کو متحرک رکھا گیا ہے۔محکمہ جنگلات پنجاب کے مطابق صوبے کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے اور غیر قانونی لکڑی کے کاروبار سے منسلک عناصر کے خلاف قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جارہی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ جنگلات کی حدود میں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام اور قیمتی لکڑی کے تحفظ کے لیے کریک ڈاون مزید تیز کیا جائے گا۔