لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی صحت سے متعلق ایک اہم اور غیر متوقع پیش رفت سامنے آئی ہے،جس کے تحت انہیں فوری طور پر شریف میڈیکل سٹی ہسپتال میں داخل کر کے میجر سرجری کی گئی۔اس اچانک طبی اقدام نے سیاسی و سرکاری حلقوں میں تشویش پیدا کر دی ہے تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق سرجری کامیاب رہی اور ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔ذرائع کے مطابق صورتحال کی نزاکت کے پیش نظر طبی عملے نے فوری فیصلہ کرتے ہوئے یہ اقدام کیا جبکہ مزید تفصیلات سامنے آنے کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی شریف میڈیکل سٹی ہسپتال میں میجر سرجری کیے جانے کی تصدیق سامنے آئی ہے،جس کے بعد انہیں ہسپتال سے گھر منتقل کر دیا گیا۔حکومتی ذرائع کے مطابق سرجری کی نوعیت سے متعلق تفصیلات جاری نہیں کی گئیں تاہم اسے کامیاب قرار دیا جا رہا ہے۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے سماجی رابطے کے ذریعے آگاہ کیا کہ سرجری کے بعد وزیراعلیٰ کی حالت بہتر ہے اور وہ صحت یابی کے مرحلے سے گزر رہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر بھی مریم نواز نے ہسپتال سے ہی صوبے کے اہم انتظامی امور کی نگرانی جاری رکھی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے سکیورٹی،صفائی اور دیگر شہری سہولیات سے متعلق معاملات پر متعلقہ حکام سے براہ راست رابطہ رکھا،جس سے ان کی ذمہ داریوں سے وابستگی کا اظہار ہوتا ہے۔حکومتی حلقوں کا کہنا ہے کہ صحت یابی کے باوجود مریم نواز کی جانب سے امورِ حکومت پر مسلسل نظر رکھنا انتظامی تسلسل کو برقرار رکھنے کی کوشش ہے جبکہ عوامی سطح پر بھی ان کی جلد مکمل صحتیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔