لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)پنجاب پراپرٹی اونرشپ آرڈیننس کی معطلی پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سخت ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ قانون دہائیوں سے ستائے گئے لاکھوں اہلِ پنجاب کو انصاف فراہم کرنے کے لیے شہادت پر مبنی اور جامع مشاورت کے بعد تیار کیا گیا تھا، جس کے تحت پہلی بار زمینوں کے مقدمات کو 90 دن میں نمٹانے کی واضح حد مقرر کی گئی تھی۔
ایگزو نیوز کے مطابق اپنے بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ صوبے بھر میں لاکھوں خاندان نسل در نسل زمینوں کے تنازعات میں الجھے ہوئے ہیں، جنہیں طاقتور لینڈ اور قبضہ مافیا نے یرغمال بنا رکھا ہے، عوام کی منتخب صوبائی اسمبلی نے یہ قانون اسی لیے منظور کیا تاکہ عام شہریوں کو ان کی جائز زمین اور جائیداد کے تحفظ کی حقیقی طاقت مل سکے۔مریم نواز نے کہا کہ پنجاب پراپرٹی اونرشپ آرڈیننس پہلی بار عوام کو اپنی قانونی ملکیت کے تحفظ کا موثر ذریعہ فراہم کرتا ہے،اس قانون کی تیاری میں انتظامی اور قانونی تمام پہلووں کو جامع انداز میں شامل کیا گیا اور اعلیٰ عدلیہ کے طے شدہ مسلمہ اصولوں کی روشنی میں شہادت پر مبنی طریقہ کار اپنایا گیا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے عدالتی فیصلے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس قانون کی معطلی اعلیٰ عدلیہ کے پہلے سے طے شدہ اصولوں کے مطابق نہیں اور اس کے نتیجے میں سب سے زیادہ فائدہ قبضہ اور لینڈ مافیا کو پہنچے گا،عوام اس معطلی کو قبضہ مافیا کی پشت پناہی کے طور پر دیکھیں گے،جس سے انصاف کے نظام پر اعتماد کو شدید دھچکا لگے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ یہ قانون کسی فردِ واحد یا ان کی ذات کے فائدے کے لیے نہیں بنایا گیا تھا اور نہ ہی اس کی معطلی سے انہیں ذاتی طور پر کوئی نقصان پہنچا ہے، تاہم قبضہ مافیا کے ہاتھوں ستائے ہوئے عوام کو اس فیصلے سے یقینی طور پر بڑا نقصان پہنچا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ زمینوں کے مقدمات میں دہائیوں تک سٹے آرڈر چلتے رہتے ہیں،جس کے باعث غریب اور مظلوم افراد انصاف سے محروم رہتے ہیں،یہ قانون اسی ناانصافی کے خاتمے کے لیے بنایا گیا تھا تا کہ عام شہری برسوں عدالتوں کے چکر کاٹنے کے بجائے بروقت انصاف حاصل کر سکیں۔مریم نواز نے زور دیتے ہوئے کہا کہ قانون سازی صوبائی اسمبلی کا آئینی حق ہے،جسے روکا نہیں جا سکتا،اگر مظلوم عوام کی انصاف سے بندھی ہوئی امید ٹوٹ گئی تو یہ نظامِ انصاف کے لیے ایک خطرناک مثال ہو گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت پنجاب عوام کے حقوق کے تحفظ اور قبضہ مافیا کے خلاف جدوجہد جاری رکھے گی۔