لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے بھر میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لیے اہم اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سڑکوں، مکانات اور ہاسٹلز کی تعمیر و مرمت اور دیکھ بھال اب پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ(پی پی پی) ماڈل کے تحت کی جائے گی۔
ایگزو نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے 18 اہم صوبائی سڑکوں کے علاوہ زرعی،صنعتی اور شہری اہمیت کی حامل 24 راہداریوں کی تعمیر و ترقی کے بڑے منصوبوں کی منظوری بھی دی۔مریم نواز نے پرانے واٹر انفراسٹرکچر کی بحالی،صاف پانی کی فراہمی اور سیوریج سسٹم کی بہتری کو بھی ترجیحی اہداف میں شامل کیا ہے،سال 2026-27 کے صوبائی ترقیاتی پروگرام میں کم از کم 30 فیصد منصوبے نجی شعبے کی شراکت داری سے مکمل کیے جائیں گے۔پی پی پی سے متعلق تیسرے جائزہ اجلاس کی صدارت سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کی،جس میں ہر شعبے میں سرکاری اور نجی شعبے کی شراکت سے منصوبوں کے آغاز کی ہدایت دی گئی۔اجلاس میں پنجاب پی پی پی اتھارٹی کو سڑکوں،پانی کی فراہمی اور عوامی سہولیات کے بڑے منصوبوں پر بریفنگ دی گئی،جس میں بتایا گیا کہ جدید ٹیکنالوجی،مشینری اور نظام کے ذریعے سڑکوں کی دیکھ بھال اور ٹول وصولی کے جدید طریقے رائج کیے جائیں گے۔اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ 150 کلومیٹر طویل دیپالپور،پاکپتن اور وہاڑی روڈ کو نجی شعبے کی شراکت داری سے دو رویہ بنایا جائے گا جبکہ 100 کلومیٹر چراغ آباد،جھنگ اور شورکوٹ روڈ کی دو رویہ کاری کے لیے اصولی منظوری بھی دی گئی۔وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ان منصوبوں کے مکمل ہونے سے سفر کا دورانیہ کم ہو گا،عوامی حفاظت یقینی بنائی جائے گی،اخراجات میں کمی آئے گی اور مسافروں کو بہترین سڑکیں اور سہولیات فراہم کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ اس سے نہ صرف ٹرانسپورٹ کی کارکردگی میں بہتری آئے گی بلکہ صوبے کی صنعتی،زرعی اور تجارتی سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہو گا۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز کا بڑا فیصلہ،پنجاب کے 30 فیصد ترقیاتی منصوبے نجی شعبے کی شراکت سے مکمل کرنے کا اعلان
5