لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)محرم الحرام کے دوران پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں تھیٹرز کی سرگرمیوں پر مکمل پابندی عائد کرتے ہوئے تمام تھیٹرز یکم سے 13 محرم تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے،اس عرصے میں کسی بھی ڈرامے یا ثقافتی پروگرام کی اجازت نہیں ہوگی۔دوسری جانب لاہور میں محرم الحرام کے اہم جلوسوں کے لیے فول پروف سیکیورٹی پلان نافذ کر دیا گیا ہے،جس کے تحت پاک فوج،رینجرز اور پولیس کے اہلکار حساس مقامات پر تعینات ہوں گے جبکہ فضائی نگرانی کے لیے ڈرون یونٹس بھی فعال رہیں گے۔
ایگزو نیوز کے مطابق پنجاب آرٹس کونسل نے محرم الحرام کے احترام میں یکم سے 13 محرم تک صوبے بھر کے تمام تھیٹرز بند رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق اس مدت کے دوران کسی بھی قسم کے ڈرامے یا ثقافتی سرگرمی کی اجازت نہیں ہوگی اور تھیٹرز انتظامیہ کو پابندی پر مکمل عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔دوسری جانب محرم الحرام کے دوران لاہور میں اہم جلوسوں کی سیکیورٹی کے لیے غیر معمولی اور جامع انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ سیکیورٹی پلان کے تحت پاک فوج اور رینجرز کے دستے حساس مقامات پر تعینات ہوں گے جبکہ فضائی نگرانی کے لیے ڈرون یونٹس مسلسل مانیٹرنگ کریں گے۔ پولیس حکام کے مطابق ٹھوکر نیاز بیگ، ماڈل ٹاون،شادمان اور پانڈو سٹریٹ سمیت اہم جلوسوں کے لیے خصوصی سیکیورٹی پلان نافذ کیا گیا ہے۔ان جلوسوں کی حفاظت کے لیے پولیس کے ساتھ ساتھ پاک فوج اور رینجرز کے اہلکار بھی فرائض انجام دیں گے۔سیکیورٹی پلان کے مطابق جلوسوں کے داخلی اور خارجی راستوں پر چار حصار پر مشتمل حفاظتی نظام قائم کیا جائے گا جبکہ حساس عمارتوں اور بلند مقامات کی چھتوں پر سنائپرز تعینات کیے جائیں گے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے۔حکام کا کہنا ہے کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
محرم الحرام کے دوران پنجاب بھر میں تھیٹرز بند،لاہور میں جلوسوں کیلئے غیر معمولی سیکیورٹی پلان نافذ
15