لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)پنجاب حکومت نے اعلیٰ بیوروکریسی میں بڑے پیمانے پر تقرر و تبادلے کرتے ہوئے متعدد اہم انتظامی عہدوں پر افسران کی نئی تعیناتیاں کر دی ہیں۔محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ (ایس اینڈ جی اے ڈی) کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے کے مختلف اضلاع،محکموں اور خودمختار اداروں میں افسران کو نئی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ستھرا پنجاب اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل بابر صاحب دین کو عہدے سے ہٹا کر ڈپٹی کمشنر جھنگ تعینات کر دیا گیا ہے جبکہ ان سے ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی کا اضافی چارج بھی واپس لے لیا گیا ہے۔ان کی جگہ ڈائریکٹر جنرل پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(پی ڈی ایم اے)عمر جاوید کو ڈی جی ستھرا پنجاب اتھارٹی مقرر کر دیا گیا ہے۔انتظامی تبدیلیوں کے تحت کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں کو تبدیل کر کے سیکرٹری پبلک پراسیکیوشن تعینات کیا گیا ہے جبکہ ڈائریکٹر جنرل ماحولیات عمران حامد کو نیا کمشنر فیصل آباد مقرر کر دیا گیا ہے۔اسی طرح سید موسیٰ رضا کو ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی کے عہدے سے تبدیل کر کے ڈائریکٹر جنرل ماحولیات تعینات کیا گیا ہے جبکہ راجہ منصور احمد کو نیا ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی مقرر کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق عمر عباس میلہ کو ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ کے عہدے سے تبدیل کر کے ڈائریکٹر جنرل پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(پی ڈی ایم اے)تعینات کیا گیا ہے جبکہ صبا اصغر علی کو ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ کے عہدے سے ہٹا کر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ میں چیف آف سیکشن مقرر کیا گیا ہے اور اویس مشتاق کو نیا ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ تعینات کر دیا گیا ہے۔ماہم آصف ملک کو ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ کی ذمہ داری سونپ دی گئی ہے جبکہ ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید کو ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ داخلہ تعینات کیا گیا ہے۔ان کی جگہ محمد اکرام ملک نئے ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ ہوں گے۔ڈپٹی کمشنر جھنگ علی اکبر کو ایڈیشنل سیکرٹری آبپاشی مقرر کیا گیا ہے جبکہ ڈپٹی کمشنر خانیوال ملیحہ رشید کو سینئر مینجمنٹ کورس کے لیے ایس اینڈ جی اے ڈی رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔حنا ارشد کو نئی ڈپٹی کمشنر خانیوال تعینات کر دیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب تسلیم اختر راو کو ایڈیشنل سیکرٹری صحت و آبادی مقرر کیا گیا ہے جبکہ رعنا حمید کو نیا ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب تعینات کیا گیا ہے۔
مزید برآں محمد عباس شاہ کو ڈپٹی کمشنر بہاولنگر تعینات کر دیا گیا ہے جبکہ ذوالفقار احمد بھون کو چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب صاف پانی اتھارٹی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق سید علی اصغر کو ایڈیشنل سیکرٹری خزانہ پنجاب اور ڈاکٹر محمد وحید اصغر بھٹی کو منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب ریسورس مینجمنٹ اینڈ پالیسی یونٹ مقرر کیا گیا ہے۔حکومتی ذرائع کے مطابق انتظامی افسران کے تبادلوں کا مقصد صوبے میں گورننس کو مزید موثر بنانا،مختلف محکموں کی کارکردگی بہتر کرنا اور انتظامی امور کو تیز رفتاری سے آگے بڑھانا ہے۔