Home » رجب بٹ کے وکیل میاں علی اشفاق کو عدالتی ہڑتال میں پیشی مہنگی پڑ گئی،پنجاب بار کونسل نے لائسنس معطلی کا فیصلہ سنا دیا

رجب بٹ کے وکیل میاں علی اشفاق کو عدالتی ہڑتال میں پیشی مہنگی پڑ گئی،پنجاب بار کونسل نے لائسنس معطلی کا فیصلہ سنا دیا

by ahmedportugal
6 views
A+A-
Reset

میاں علی اشفاق کو عدالتی ہڑتال میں پیشی مہنگی پڑ گئی،رجب بٹ کے وکیل کا لائسنس معطل،پنجاب بار کونسل نے فیصلہ سنا دیا
لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)پاکستان کے معروف یوٹیوبر رجب بٹ پر کراچی سٹی کورٹ میں مبینہ حملے کے واقعے کے بعد پنجاب بار کونسل نے ان کے وکیل میاں علی اشفاق ایڈووکیٹ کا وکالت کا لائسنس فوری طور پر معطل کر دیا ہے، جبکہ لائسنس کی مستقل منسوخی کے لیے معاملہ ڈسپلنری کمیٹی کو بھجوا دیا گیا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی پنجاب بار کونسل ذبیح اللہ ناگرہ نے بتایا کہ کراچی سٹی کورٹ میں پیش آنے والے واقعے کی ویڈیوز اور دستیاب شواہد کی بنیاد پر ایگزیکٹو کمیٹی نے متفقہ طور پر کارروائی کا فیصلہ کیا۔ان کا کہنا تھا کہ واقعے کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پنجاب بار کونسل کی ڈسپلنری کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا ہے،جو کیس کی مکمل سماعت کے بعد حتمی فیصلہ کرے گی۔ذبیح اللہ ناگرہ کے مطابق رجب بٹ نے میاں علی اشفاق کو اپنا وکیل مقرر کر رکھا تھا اور وہ وکلا کی جانب سے جاری عدالتی ہڑتال کے باوجود رجب بٹ کے ہمراہ کراچی سٹی کورٹ میں پیش ہوئے۔عدالتی ہڑتال کے باعث عدالتی کارروائی پر مکمل پابندی تھی،اس کے باوجود پیشی دینا وکلا کے پیشہ ورانہ ضابط? اخلاق کی خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے۔پنجاب بار کونسل کے مطابق عدالت میں پیشی کے دوران میاں علی اشفاق کے رویے کے باعث مقامی وکلا کے ساتھ کشیدگی پیدا ہوئی،جو بعد ازاں ہنگامہ آرائی میں تبدیل ہو گئی۔سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں وکلا کے درمیان تلخ کلامی اور بدنظمی دیکھی گئی،جس نے وکلا برادری کے وقار اور اتحاد کو شدید نقصان پہنچایا۔

پنجاب بار کونسل نے یہ بھی موقف اختیار کیا ہے کہ میاں علی اشفاق نجی سیکیورٹی گارڈ کے ہمراہ بار روم اور عدالتی احاطے میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے،جو وکلا کے ضابطہ اخلاق کی صریح خلاف ورزی ہے۔بار کونسل کے مطابق وکلا کا نجی گارڈز کے ساتھ عدالت میں داخل ہونا قواعد کے خلاف ہے اور اس عمل سے وکلا کے درمیان اختلافات اور انتشار پیدا ہوا۔اس کے علاوہ میاں علی اشفاق کی جانب سے وکلا برادری کے خلاف دیے گئے بیانات پر بھی سخت اعتراض کیا گیا ہے۔ پنجاب بار کونسل کے مطابق ایسے بیانات نے وکلا کے اتحاد، وقار اور پیشہ ورانہ ساکھ کو نقصان پہنچایا،جو پروفیشنل مس کنڈکٹ کے زمرے میں آتا ہے۔ایگزیکٹو کمیٹی نے اس معاملے کو پاکستان لیگل پریکٹیشنرز اینڈ بار کونسلز رولز 1976 کی دفعات 134 اور 175-A کی واضح خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے متفقہ طور پر میاں علی اشفاق کا وکالت لائسنس فوری معطل کرنے کا فیصلہ کیا۔مزید یہ کہ لائسنس کی مستقل منسوخی کے لیے کیس ڈسپلنری کمیٹی کو ارسال کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی) نے کراچی سٹی کورٹ کے اندر یوٹیوبر رجب بٹ پر ہونے والے مبینہ حملے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ایچ آر سی پی کا کہنا ہے کہ عدالت کے احاطے میں کسی بھی فرد پر تشدد یا ہنگامہ آرائی قانون کی بالادستی کے منافی ہے اور ایسے واقعات انصاف کے نظام پر سوالیہ نشان کھڑا کرتے ہیں۔واضح رہے کہ یہ کارروائی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز اور عدالتی ہڑتال کے دوران پیشی سمیت متعدد الزامات کی بنیاد پر کی گئی ہے، جبکہ ڈسپلنری کمیٹی کی کارروائی کے بعد لائسنس کی مستقل منسوخی یا بحالی کا فیصلہ کیا جائے گا۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز