ملتان(ایگزو نیوز ڈیسک)سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں ڈھائی کروڑ بچے ابھی بھی سکولوں سے باہر ہیں اور ہر شہری کو تعلیم یافتہ بنانا ریاست کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے۔ ملک احمد خان نے نجی اور سرکاری تعلیمی اداروں میں موجود واضح فرق پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ سرکاری اداروں میں جہاں 97 فیصد بچے تعلیم حاصل کر رہے ہیں، فی کس سالانہ خرچ نجی اداروں کے مقابلے میں بہت کم ہے، جس کی وجہ سے تعلیمی مساوات قائم کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نجی تعلیمی ادارے بھی اپنے وسائل بروئے کار لائیں تاکہ طلبا کی تعلیم میں حقیقی فرق کم کیا جا سکے۔
ایگزو نیوز کے مطابق ملتان میں ٹائمز یونیورسٹی کے کانووکیشن 2025ءسے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا کہ ہر شہری کو تعلیم یافتہ بنانا ریاست کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے، موجودہ وقت میں بھی ڈھائی کروڑ بچے سکول سے باہر ہیں اور یہ اعداد و شمار گزشتہ دو دہائیوں کے دوران تقریباً ایک جیسے رہے ہیں۔ملک احمد خان نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ پنجاب حکومت نے پہلی مرتبہ تعلیم کے شعبے کے لیے ریکارڈ فنڈ مختص کیے ہیں اور تعلیم کے بجٹ کو 17 ارب روپے سے بڑھا کر 46 ارب روپے کر دیا ہے، یہ اقدام سرکاری تعلیمی اداروں کی حالت بہتر بنانے اور طلبا کی تعلیمی معیار کو بلند کرنے کے لیے انتہائی اہم ہے۔سپیکر پنجاب اسمبلی نے نجی اور سرکاری تعلیمی اداروں میں فرق پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ نجی ادارے اپنے طلبا پر فی کس 10 ہزار سے 60 ہزار روپے فی ہفتہ خرچ کرتے ہیں جبکہ سرکاری اداروں میں جہاں 97 فیصد بچے تعلیم حاصل کر رہے ہیں، سالانہ فی کس خرچ 25 سے 30 ہزار روپے کے درمیان ہے۔ ملک احمد خان نے سوال اٹھایا کہ ایسے حالات میں سرکاری تعلیمی اداروں کے طلبا نجی اداروں کے طلبا سے کیسے مقابلہ کر سکتے ہیں؟۔ انہوں نے نجی تعلیمی اداروں پر زور دیا کہ وہ تعلیم میں مساوات کے لیے اپنے وسائل بروئے کار لائیں۔ملک احمد خان نے فارغ التحصیل طلبا و طالبات سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ ملک کا مستقبل ہیں، آج آپ اپنے شعبے میں اعلیٰ تعلیم حاصل کر کے فارغ التحصیل ہو رہے ہیں، آپ پر لازم ہے کہ اپنی صلاحیتیں ملک کی ترقی کے لیے استعمال کریں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ فارغ التحصیل طلبا اپنی تعلیم کا استعمال کرتے ہوئے معاشرتی اور اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔قبل ازیں سپیکر پنجاب اسمبلی نے فارغ التحصیل طلبا و طالبات میں ڈگریاں اور سرٹیفیکیٹ بھی تقسیم کیے، جس پر طلبا نے ان کا شکریہ ادا کیا اور اپنی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا۔ ملک احمد خان نے کہا کہ تعلیم ہی ملک کی ترقی اور استحکام کی بنیاد ہے، اور ہر بچے تک معیاری تعلیم پہنچانا حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔
نجی اور سرکاری تعلیمی اداروں میں فرق پر سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے سوال اٹھا دیا
7