Home » پنجاب اسمبلی میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی آمد اور ہلڑ بازی،تحقیقاتی رپورٹ میں چونکا دینے والے انکشافات،سخت قانونی کارروائی کی سفارش

پنجاب اسمبلی میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی آمد اور ہلڑ بازی،تحقیقاتی رپورٹ میں چونکا دینے والے انکشافات،سخت قانونی کارروائی کی سفارش

by ahmedportugal
7 views
A+A-
Reset

لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)پنجاب اسمبلی میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی آمد کے موقع پر پیش آنے والے ہلڑ بازی کے واقعے سے متعلق سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان کی جانب سے قائم کی گئی تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ منظرعام پر آ گئی ہے، جس میں واقعے کے ذمہ دار عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔ رپورٹ میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ معاملے کی شفاف اور مکمل تفتیش کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی معاونت حاصل کی جائے تاکہ ذمہ داروں کا تعین کیا جا سکے۔
ایگزو نیوز کے مطابق
تحقیقاتی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی آمد پر اپوزیشن کی جانب سے ساتھ آنے والے مہمانوں کی جو فہرست فراہم کی گئی، وہ محض ناموں پر مشتمل تھی، جس میں شناختی کارڈ نمبرز، تصاویر اور گاڑیوں کے اندراج جیسی بنیادی تفصیلات شامل نہیں تھیں، اس ناکافی فہرست کے باعث اسمبلی سیکیورٹی کو افراد کی شناخت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ مطیع اللہ برقی نامی شخص نے خود کو خیبرپختونخوا اسمبلی کے رکن کے طور پر ظاہر کرتے ہوئے اسمبلی میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ جب سیکیورٹی اسٹاف نے اس کی تصدیق کے لیے کارروائی کی اور باہر نکالنے کی کوشش کی تو صورتحال کشیدہ ہو گئی اور ہنگامہ آرائی شروع ہو گئی۔ رپورٹ کے مطابق مذکورہ شخص نے جھوٹ بولتے ہوئے دعویٰ کیا کہ وہ پی کے 89 سے ایم پی اے اشفاق ہے۔تحقیقاتی رپورٹ میں یہ بھی درج ہے کہ صوبائی وزیر خیبرپختونخوا مینا خان نے اس بات کی تصدیق کی کہ مطیع اللہ برقی کسی صورت ایم پی اے اشفاق نہیں ہیں۔ باہر جانے کا کہنے پر مطیع اللہ برقی نے اسمبلی سیکیورٹی کے ساتھ ہاتھا پائی کی، گالم گلوچ کی اور صورتحال کو مزید خراب کر دیا۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اپوزیشن کی جانب سے فہرست جمع کراتے وقت یقین دہانی کروائی گئی تھی کہ شناخت کے عمل میں معاونت کے لیے دو پی ٹی آئی ارکان مین گیٹ پر موجود ہوں گے، تاہم اس وعدے پر عمل نہیں کیا گیا۔ سیکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے بار بار تحمل کے ساتھ شناخت کی درخواست پر قافلے کی جانب سے دھکم پیل اور بدتمیزی کی گئی۔تحقیقاتی رپورٹ میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ اپوزیشن کی فراہم کردہ فہرست میں سزا یافتہ حیدر مجید کا نام بھی شامل تھا، جس پر سیکیورٹی حکام نے شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ واقعے کے دوران پنجاب اسمبلی کے سیکیورٹی اسسٹنٹ اعزاز رضا کی وردی پھاڑ دی گئی، تاہم رپورٹ میں سیکیورٹی اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور صورتحال کو قابو میں رکھنے کے اقدام کو سراہا گیا ہے۔کمیٹی نے اپنی سفارشات میں کہا ہے کہ آئندہ ایسے واقعات سے بچنے کے لیے شناختی دستاویزات کی مکمل اور پیشگی تصدیق کو یقینی بنایا جائے، جبکہ اسمبلی سیکرٹریٹ نے موقع پر موجود تمام سیکیورٹی اہلکاروں کے بیانات بھی قلم بند کر لیے ہیں۔ رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ ہلڑ بازی میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ناگزیر ہے تاکہ اسمبلی کے وقار اور نظم و ضبط کو برقرار رکھا جا سکے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز