لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)پاکستان کی فلمی صنعت کے لیے ایک بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے لاہور میں 50 ایکڑ پر مشتمل جدید پنجاب فلم سٹی کے قیام کا اعلان کر دیا ہے۔اس اہم منصوبے کو ملکی فلم،ٹی وی اور ڈیجیٹل میڈیا انڈسٹری کے لیے گیم چینجر قرار دیا جا رہا ہے،جس کے ذریعے نہ صرف تخلیقی شعبے کو نئی زندگی ملنے کی توقع ہے بلکہ جدید ٹیکنالوجی اور عالمی معیار کی سہولیات کے ساتھ پاکستان کو میڈیا پروڈکشن کے ایک بڑے مرکز کے طور پر ابھارنے کی راہ بھی ہموار ہوگی۔
ایگزو نیوز کے مطابق پنجاب میں فلم اور ڈیجیٹل میڈیا انڈسٹری کے فروغ کے لیے ایک بڑے اقدام کے طور پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے لاہور میں 50 ایکڑ پر مشتمل جدید پنجاب فلم سٹی کے قیام کا اعلان کر دیا ہے،جسے ملکی تخلیقی معیشت کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔حکام کے مطابق یہ منصوبہ نواز شریف آئی ٹی سٹی میں قائم کیا جائے گا اور اسے ملک کا پہلا مکمل ’اینڈ ٹو اینڈ‘ میڈیا پروڈکشن حب بنایا جائے گا،جہاں فلم،ٹی وی،اینیمیشن اور ڈیجیٹل میڈیا کی تیاری کے لیے تمام جدید سہولیات ایک ہی جگہ دستیاب ہوں گی۔وزیراعلیٰ کے مطابق اس منصوبے کا مقصد نہ صرف پاکستان کی فلمی صنعت کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے بلکہ اسے عالمی معیار کے مطابق مسابقتی بنانا بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ فلم سٹی کے قیام سے وی ایف ایکس اور پوسٹ پروڈکشن کے لیے بیرون ملک انحصار میں نمایاں کمی آئے گی اور مقامی سطح پر جدید ٹیکنالوجی کو فروغ ملے گا۔منصوبے کے تحت جدید سٹوڈیوز،ساونڈ سٹیجز،پوسٹ پروڈکشن لیبارٹریز اور شوٹنگ کے لیے مختلف سیٹس تعمیر کیے جائیں گے جبکہ ایک مرکزی جھیل اور بین الاقوامی معیار کے کنونشن ہالز بھی شامل ہوں گے،جہاں عالمی ایونٹس اور ایوارڈ تقریبات کا انعقاد ممکن ہو گا۔
مزید برآں فلم سٹی میں میڈیا ٹریڈ ہب، فلم اور میوزک سکولز کے قیام کا بھی منصوبہ ہے،جس سے نئی نسل کو تربیت اور مواقع فراہم کیے جائیں گے۔حکام کے مطابق اس منصوبے سے ہزاروں براہِ راست اور بالواسطہ روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے جبکہ اینیمیشن،گیمنگ اور ڈیجیٹل میڈیا جیسے جدید شعبوں کو بھی تقویت ملے گی۔مریم نواز شریف نے کہا کہ یہ منصوبہ ٹیلنٹ، ٹیکنالوجی اور کاروبار کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرے گا اور پاکستان میں تخلیقی صنعتوں کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ان کے مطابق فلم سٹی کو مرحلہ وار مکمل کیا جائے گا جبکہ اس کے مزید تکنیکی اور مالیاتی پہلووں کی تفصیلات جلد جاری کی جائیں گی۔واضح رہے کہ پنجاب حکومت کا یہ اقدام نہ صرف پاکستان کی فلمی صنعت کے احیا میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے بلکہ عالمی سطح پر ملکی سافٹ امیج کو بھی مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔