اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)نے ایران اور امریکا کے درمیان حالیہ جنگ بندی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اسے خطے میں کشیدگی کے خاتمے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے،پارٹی نے حکومتی سفارت کاری کو سراہتے ہوئے اس عمل کو مثبت قرار دیا تاہم ساتھ ہی حکومت سے مطالبہ بھی کیا ہے کہ بدلتی ہوئی عالمی صورتحال کے تناظر میں عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے،بالخصوص تیل کی قیمتوں میں کمی کو یقینی بنایا جائے۔
ایگزو نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے ایران اور امریکا کے درمیان حالیہ دو ہفتوں کی جنگ بندی کو خطے میں امن کی جانب ایک مثبت پیش رفت قرار دیتے ہوئے اس کا خیرمقدم کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ اس معاہدے پر مکمل اور مستقل بنیادوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔پارٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جنگ کسی بھی تنازع کا دیرپا حل نہیں ہوتی بلکہ مذاکرات اور سفارت کاری ہی مسائل کے حل کا واحد موثر ذریعہ ہیں،تاریخ اس امر کی گواہ ہے کہ جنگیں صرف تباہی،عدم استحکام اور جانی نقصان کا سبب بنتی ہیں،اس لیے تنازعات کے حل کے لیے ڈائیلاگ کو ترجیح دینا ہی دانشمندانہ حکمت عملی ہے۔پی ٹی آئی نے خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے سفارتی کوششوں کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے جنگ بندی میں کردار ادا کرنے والے تمام فریقین،بالخصوص پاکستان کی سفارتی کاوشوں کو سراہا۔ پارٹی کے مطابق اس پیش رفت کو مستقل امن میں تبدیل کرنے کے لیے مسلسل اور سنجیدہ سفارت کاری کی ضرورت ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے اپنی گفتگو میں کہا کہ حکومت نے اپوزیشن کو اس بات سے آگاہ نہیں کیا کہ وہ کس نوعیت کی ثالثی کا کردار ادا کر رہی ہے تاہم وہ ایران،امریکا جنگ بندی کا خیرمقدم کرتے ہیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ جنگ بندی مستقل شکل اختیار کرے گی اور مشرقِ وسطیٰ میں دیرپا امن کی راہ ہموار ہوگی، اس اہم پیش رفت میں کردار ادا کرنے والے تمام عناصر قابل تحسین ہیں۔بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ موجودہ صورتحال کے تناظر میں حکومت سے توقع ہے کہ عالمی حالات میں بہتری کے بعد ملک میں تیل کی قیمتوں میں کمی واقع ہوگی،جس کا براہ راست فائدہ عوام کو ملنا چاہیے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان بطور ریاست کسی ایک فرد پر منحصر نہیں بلکہ ایک آئینی اور ادارہ جاتی کردار کا حامل ہے۔ انہوں نے خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سفارتی سطح پر موثر کردار ادا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔سلمان اکرم راجا نے ایران کے دفاعی ردعمل کو غیر معمولی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کی مزاحمت کی توقع کم تھی۔انہوں نے اس موقع پر ایرانی عوام اور عرب ممالک کے ساتھ یکجہتی کا اظہار بھی کیا۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو خطے میں توازن برقرار رکھنے اور کشیدگی کم کرنے کے لیے اپنا موثر کردار ادا کرنا ہوگا، بالخصوص اسرائیل کے حوالے سے پالیسی اقدامات میں فعال سفارتی حکمت عملی اپنانا ضروری ہے ۔پی ٹی آئی کے رہنماوں نے مجموعی طور پر اس پیش رفت کو خطے میں کشیدگی کے خاتمے کی جانب ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ متعلقہ فریقین مستقل امن کے قیام کے لیے سنجیدہ اقدامات جاری رکھیں گے۔