خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے موجودہ حکومت کے خلاف مزید حملوں کی دھمکی دے دی۔
سی ایم گنڈاپور نے کہا کہ ہم پانی پت کی جنگ کی طرح حملے جاری رکھیں گے۔ 11 ویں صدی میں محمود غزنوی کے ہاتھوں سومناتھ مندر کی تباہی کا ذکر کرتے ہوئے، وزیر اعلی نے کہا کہ اگر موجودہ حکمران سومناتھ کا بت بن گئے تو ان کی پارٹی انہیں توڑنے کیلئے 17 بار حملہ کرے گی۔
انہوں نے جیل میں بند پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کی رہائی کے مطالبے کے لیے اسلام آباد پر پی ٹی آئی کے مارچ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا، ہم نے صرف 5 حملے کیے ہیں اور باقی حملے جاری رکھیں گے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد میں "کرو یا مرو” کے احتجاج کے دوران، پی ٹی آئی کی قیادت بشمول وزیراعلیٰ گنڈا پور اور بشریٰ بی بی جائے وقوعہ سے غائب ہوگئیں تھیں، جب قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اسلام آباد کے ریڈ زون کو مظاہرین سے خالی کرنے کیلئے آپریشن شروع کیا تھا۔
انہوں نے یہ بیان ایسے وقت میں دیا ہے جب پی ٹی آئی کے بانی عمران خان نے حکومت کو خبردار کیا کہ اگر ان کے مطالبات بشمول پارٹی حامیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کی عدالتی تحقیقات کو پورا نہ کیا گیا تو وہ "سول نافرمانی” کی تحریک شروع کر دیں گے۔