اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غزہ پیس بورڈ میں شمولیت کا فیصلہ واپس لے اور اس معاملے پر عوامی ریفرنڈم کرایا جائے۔
ایگزو نیوز کے مطابق مرکزی سیکریٹری اطلاعات پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی پاکستان کی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت ہے اور بورڈ میں شمولیت پر ان کا موقف واضح اور مضبوط ہے،پارٹی کے سیکریٹری جنرل بھی اس موقف سے مکمل طور پر متفق ہیں اور پی ٹی آئی نے وزیر اعظم کے دستخط کرنے تک اپنی رسمی رائے جاری نہیں کی تھی۔ انہوں نے حکومت سے سوال کیا کہ کیا فلسطینی اس حل کو قبول کرتے ہیں اور کیا غزہ پیس بورڈ میں فلسطینیوں کی کوئی نمائندگی موجود ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ جو فلسطینیوں کے لیے قابل قبول نہیں، وہ پی ٹی آئی کے لیے بھی قابل قبول نہیں ہے۔شیخ وقاص اکرم نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بورڈ میں شمولیت سے قبل عوام اور پارلیمنٹ کو اعتماد میں نہیں لیا گیا اور حکومت اپنے لائے ہوئے نظام کی بے توقیری کر رہی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اس معاملے پر پارلیمنٹ میں مکمل بات ہونی چاہیے اور ریفرنڈم کے ذریعے عوام کی رائے حاصل کی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ فلسطین کے حوالے سے قائداعظم کے بیانات سب کے سامنے ہیں اور پی ٹی آئی کے بانی کا موقف بھی واضح ہے، حکومت فوری طور پر غزہ پیس بورڈ میں شمولیت کا فیصلہ واپس لے اور عوام کی رائے کے مطابق اقدامات کرے۔شیخ وقاص اکرم نے ڈونلڈ ٹرمپ کے نئے اقدامات اور دیگر اسلامی ممالک کی اسرائیل کے ساتھ تعلقات پر بھی تشویش ظاہر کی اور کہا کہ حکومت کی موجودہ توجیہات قابل قبول نہیں ہیں۔ انہوں نے اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی سے اپیل کی کہ وہ پارلیمنٹ میں اس مسئلے پر آواز بلند کریں اور اپوزیشن کا موقف واضح کریں۔شیخ وقاص اکرم نے واضح کیا کہ فارم 47 کی حکومت کے پاس یہ اختیار نہیں کہ وہ قوم کے اہم فیصلے تنہا کرے، اور اس معاملے میں عوامی اعتماد ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا احتجاج پرامن اور آئینی ہوگا اور اس کے لیے تمام حکمت عملی سیاسی کمیٹی کے تحت تیار کی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ 8 فروری کو اپوزیشن کی جانب سے ہونے والے احتجاج کے حوالے سے تمام لائحہ عمل پر ابھی حتمی فیصلہ سیاسی کمیٹی کے سامنے رکھا جائے گا اور صوبائی صدور اس تحریک پر عمل درآمد کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔
غزہ پیس بورڈ پر پی ٹی آئی کا شدید رد عمل،عوامی رائے کے بغیر کوئی فیصلہ نا قابل قبول،ریفرنڈم کرانے کا مطالبہ
2