خیبر پختونخواہ کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اسلام آباد میں گزشتہ رات پارٹی کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے باوجود پاکستان بھر میں اپنا دھرنا جاری رکھے گی۔
مانسہرہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ہمیشہ قانون اور جمہوریت کی بالادستی کو برقرار رکھتے ہوئے پرامن احتجاج کی قیادت کی ہے۔
گنڈا پور نے زور دے کر کہا کہ سابق وزیر اعظم عمران خان اس وقت جیل میں ہیں اور 8 فروری کے انتخابات میں پارٹی کا مینڈیٹ چرایا گیا لیکن پی ٹی آئی کے کارکنوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور ان ناانصافیوں کے خلاف احتجاج کرنے پر ان کو گولیوں سے بھون دیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ پارٹی کے مطالبات تسلیم ہونے تک دھرنا جاری رہے گا۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ پی ٹی آئی احتجاج کے دوران شہید ہونے والے کارکنوں کے لواحقین کو ایک ایک کروڑ روپے دے گی۔
انہوں نے حکومت کو خبردار کیا کہ وہ پرامن مظاہرین کے خلاف تشدد کے استعمال سے گریز کرے۔