Home » سہیل آفریدی کا بلا مقابلہ انتخاب؟ن لیگ کے پاس پہنچ کر تحریک انصاف نے بازی پلٹ دی،جوڑ توڑ کی سیاست میں تیزی

سہیل آفریدی کا بلا مقابلہ انتخاب؟ن لیگ کے پاس پہنچ کر تحریک انصاف نے بازی پلٹ دی،جوڑ توڑ کی سیاست میں تیزی

by ahmedportugal
12 views
A+A-
Reset

پشاور(ایگزو نیوز ڈیسک)خیبرپختونخوا میں سیاسی سرگرمیوں نے نیا رخ اختیار کر لیا ہے،جہاں وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے لیے جوڑ توڑ میں تیزی آ گئی ہے،پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) نے سہیل آفریدی کو بلا مقابلہ وزیرِ اعلیٰ منتخب  کرانے کی حکمت عملی کے تحت نہ صرف سیاسی رابطے تیز کر دیے ہیں بلکہ مسلم لیگ ن سمیت دیگر جماعتوں سے بھی حمایت  مانگ  لی ہے۔دوسری جانب انتخابی عمل میں حصہ لینے والے تمام امیدواروںپی ٹی آئی کے سہیل آفریدی،جے یو آئی کے مولانا لطف الرحمان،ن لیگ کے سردار شاہ جہاں اور پیپلز پارٹی کے ارباب زرک  کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے گئے ہیں،جس کے بعد صوبے کا سیاسی درجہ حرارت مزید بڑھ گیا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق خیبرپختونخوا میں نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے معاملے پر سیاسی درجہ حرارت بڑھ گیا ہے،صوبے میں حکومت سازی کے لیے جوڑ توڑ اپنے عروج پر پہنچ چکا ہے تحریک انصاف نے سہیل آفریدی  کو وزیراعلیٰ  کے لیے نامزد  کرتے ہوئے انہیں  بلا مقابلہ منتخب کرانے کی کوششیں تیز کر دی ہیں،اس مقصد کے لیے پی ٹی آئی نے غیر متوقع طور پر پاکستان مسلم لیگ ن سے بھی رابطہ کر لیا ہے تا کہ اپوزیشن جماعتوں کی حمایت حاصل کی  جا سکے۔تحریک انصاف کے صوبائی صدر جنید اکبر خان کی قیادت  میں ایک اعلیٰ سطح وفد  نے وفاقی وزیر امیر مقام  سے  ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔وفد میں اراکین قومی اسمبلی شیر علی ارباب،علی خان جدون،ڈاکٹر امجد،کبیر خان،ادریس خٹک،لائق خان اور اکرام کھٹانہ بھی شامل تھے۔ملاقات کے دوران صوبے کی سیاسی صورتحال اور آئندہ وزیر اعلیٰ کے انتخاب سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وفد  نے امیر مقام کو بتایا کہ خیبرپختونخوا اسمبلی میں واضح اکثریت پاکستان تحریک انصاف کو حاصل ہے اور موجودہ حالات میں صوبہ مزید سیاسی عدم استحکام کا متحمل نہیں ہو سکتا۔جنید اکبر نے کہا کہ پی ٹی آئی چاہتی ہے کہ سہیل آفریدی کو بلا مقابلہ وزیر اعلیٰ منتخب کیا جائے تا کہ صوبے میں استحکام اور ترقی کا عمل بغیر کسی رکاوٹ کے آگے بڑھ سکے۔وفاقی وزیر امیر مقام  نے وفد کا خیر مقدم  کرتے  ہوئے  کہا  کہ  صوبے  کی روایات کے مطابق اپوزیشن کی دیگر جماعتوں سے بھی مشاورت کی جائے گی۔انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ وہ اس حوالے سے مسلم لیگ ن کی مرکزی قیادت سے مشاورت کے بعد پی ٹی آئی کو آگاہ کریں گے۔

ادھر صوبائی اسمبلی کے سیکرٹریٹ میں وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے چاروں امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے گئے ہیں۔ پی ٹی آئی کے نامزد امیدوار سہیل آفریدی، جے یو آئی کے مولانا لطف الرحمان،مسلم لیگ ن کے سردار شاہ جہاں اور پیپلز پارٹی کے ارباب زرک نے اپنے کاغذات جمع کرائے تھے۔ریٹرننگ افسر نے تمام کاغذات کی جانچ پڑتال کے بعد انہیں درست قرار دیا۔واضح رہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے مسلم لیگ ن سے رابطہ ایک اہم سیاسی پیش رفت ہے،جو مستقبل میں نئی صف بندیاں جنم دے سکتی ہے۔دوسری جانب جے یو آئی،ن لیگ اور پیپلز پارٹی بھی آپس میں مشاورت کر رہی ہیں تا کہ مشترکہ حکمت عملی طے کی جا سکے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے لیے اسمبلی اجلاس کل(بروز سوموار)ہو گا جبکہ تحریک انصاف اس کوشش میں ہے کہ ووٹنگ کی نوبت ہی نہ آئے اور سہیل آفریدی کو بلامقابلہ وزیراعلیٰ منتخب کرا لیا جائے۔اس تمام تر صورتحال  نے خیبرپختونخوا کے سیاسی منظرنامے کو غیر معمولی حد  تک  گرم کر دیا ہے۔دوسری جانب،پی ٹی آئی نے اپنے موقف کو واضع کیا ہے کہ وہ کسی بیرونی یا غیر آئینی مداخلت کو برداشت نہیں کرے گی اور صوبے کے آئینی حق کو بحال رکھنے کے لیے ہر قانونی اور سیاسی راہ اختیار کرے گی،عوامی مینڈیٹ کا احترام لازمی ہے اور جو بھی سیاسی قدم اٹھایا جائے گا وہ انتخابات اور آئین کے دائرے میں ہو گا۔دوسری طرف سول سوسائٹی اور کاروباری حلقوں نے بھی اپیل کی ہے کہ صوبائی استحکام کو مقدم رکھا جائے تاکہ عوامی خدمات، ترقیاتی کام اور امن و امان متاثر نہ ہوں، تجارتی و صنعتی شعبے نے واضح کیا ہے کہ سیاسی تناو کی وجہ سے معمولات زندگی متاثر ہو سکتے ہیں،اس لئے سیاسی قائدین کا فرض بنتا ہے کہ وہ صوبے کے مفاد میں تحمل اور عاقلانہ فیصلہ کریں،اس وقت صوبہ ایک نازک مرحلے سے گزر رہا ہے اور سیاسی رہنماوں کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر عوامی مفاد اور استحکام کو یقینی بنائیں۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز