اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) نے راولپنڈی کے تاریخی لیاقت باغ میں 9 اپریل کو جلسہ منعقد کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ سے باضابطہ اجازت طلب کر لی ہے،جس کے بعد شہر میں سیاسی سرگرمیوں میں تیزی آ گئی ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق تحریک انصاف کے ضلعی سیکرٹری جنرل عاقل خان ایڈووکیٹ نے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کو درخواست جمع کروائی،اس موقع پر وہ وکلاء ٹیم کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر آفس پہنچے۔درخواست وکلاء کے ذریعے جمع کروائی گئی جن میں محمد فیصل ملک،حسنین سنبل،عمیر تنویر بٹ،نبیل احمد ستی اور وجاہت قیوم ایڈووکیٹ شامل تھے۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ تحریک انصاف ایک پرامن سیاسی جماعت ہے اور ملک میں آئین و قانون کی بالادستی کے لیے جدوجہد کر رہی ہے، اس لیے جلسہ کرنا اس کا آئینی اور قانونی حق ہے۔درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ 9 اپریل کو لیاقت باغ میں پرامن جلسہ منعقد کرنے کی اجازت دی جائے۔درخواست میں مزید کہا گیا کہ راولپنڈی میں جلسہ کرنا پارٹی کا جمہوری حق ہے اور اس سرگرمی کو قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے منعقد کیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر آفس کے عملے نے درخواست وصول کر لی ہے جبکہ ذرائع کے مطابق اس معاملے کو مزید جائزے کے لیے ڈسٹرکٹ سیکیورٹی کمیٹی کو بھی بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،جو سیکیورٹی اور انتظامی پہلووں کا جائزہ لے کر حتمی سفارشات مرتب کرے گی۔حکام کا کہنا ہے کہ جلسے کی اجازت سے متعلق فیصلہ مناسب وقت پر کیا جائے گا، جس کے بعد سیاسی سرگرمی کے حوالے سے آئندہ لائحہ عمل طے ہوگا۔
لیاقت باغ میں جلسے کی تیاری،پی ٹی آئی نے ضلعی انتظامیہ سے رجوع کر لیا
4