پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماوں نے 190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ موخر ہونے کے بعد حکومت کے ساتھ کسی بھی ڈیل کو مسترد کر دیا۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے بار بار التوا سے پیدا ہونے والے خدشات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات کا عمل جاری ہے اور مذاکرات کا تیسرا دور 15 جنوری کو ہونے کا امکان ہے۔
تاہم انہوں نے واضح کیا کہ اگر کوئی یہ تاثر دینا چاہتا ہے کہ ان مذاکرات کی وجہ سے فیصلے میں تاخیر ہوئی ہے تو یہ سراسر غلط ہے۔ ہم کوئی ڈیل نہیں کریں گے۔ خان صاحب کا موقف واضح ہے کہ وہ اپنی لڑائی قانون اور آئین کے مطابق لڑیں گے اور وہ عدالتوں میں اپنی بے گناہی ثابت کریں گے۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ معزول وزیراعظم نے اس سے پہلے بھی عدت اور سائفر کیسز کا سامنا کیا اور ان میں فتح حاصل کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم جمہوریت، انسانی حقوق اور آئین کیلئے حکومت کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں۔ پی ٹی آئی کسی کیلئے ریلیف نہیں مانگ رہی۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ بات چیت اور اس کیس کے درمیان کوئی ربط نہیں تھا۔
پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان، جو میڈیا ٹاک کے دوران راجہ کے ساتھ تھے، نے بھی ان سوالوں کو مسترد کر دیا کہ آیا فیصلے کا التوا کسی معاہدے کا حصہ ہے۔