Home » جنگی مائنڈ سیٹ اور تمسخر ناقابلِ قبول،تحریک انصاف نے ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس مسترد کر دی

جنگی مائنڈ سیٹ اور تمسخر ناقابلِ قبول،تحریک انصاف نے ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس مسترد کر دی

by ahmedportugal
3 views
A+A-
Reset

اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) نے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کی حالیہ پریس کانفرنس پر شدید ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایک بار پھر وہی متنفر جنگی مائنڈ سیٹ اور رعونت بھرا اندازِ گفتگو سامنے آیا ہے، جس میں خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ کو نشانہ بنایا گیا،ایسے صوبے کے وزیر اعلیٰ کو، جس صوبے نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ جانی اور مالی قربانیاں دی ہیں۔
ایگزو نیوز کے مطابق پی ٹی آئی ترجمان کے مطابق جس پاکستان تحریک انصاف کے کردار پر ابہام پیدا کرنے کی کوشش کی گئی، اسی جماعت کے دورحکومت میں پاکستان عالمی دہشت گردی انڈیکس میں چار درجے بہتری کے ساتھ نویں نمبر پر آ گیا تھاجبکہ گزشتہ ساڑھے تین برسوں میں پاکستان اس انڈیکس میں نویں پوزیشن سے تنزلی کا شکار ہو کر دوسرے نمبر تک پہنچ چکا ہے۔ترجمان نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کا تعلق صوبے کے ان اضلاع سے ہے جہاں دہشت گردی کے باعث تقریباً ہر گھر سے جنازے اٹھے ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ دہشت گردی کے خلاف اس طویل جنگ میں جانیں قربان کرنے والے خیبرپختونخوا کے سویلین شہری کیا اس قوم کے شہید نہیں ہیں؟۔بیان میں کہا گیا کہ کولیٹرل ڈیمیج پر اس قدر پردہ داری کیوں برتی جاتی ہے اور ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے سویلین شہداء کے وارثین اور صوبائی وزراءپر تمسخر کیا جانا نہایت افسوسناک ہے۔ ترجمان نے استفسار کیا کہ کیا کوئی دوسرا سرکاری ملازم اپنے ادارے کے کسی شہید کے بارے اس نوعیت کی گفتگو کر سکتا ہے؟۔پی ٹی آئی کے ترجمان نے مزید سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ کیا اس ملک میں جان کی قدر صرف ایک ادارے سے وابستہ ہے؟ کیا عزت اور قربانی کا معیار بھی صرف ایک ادارے تک محدود ہے؟ اور کیا قومی شہید کا اعزاز صرف ایک ہی ادارے کے لیے مخصوص ہے؟۔بیان میں کہا گیا کہ یہ طرزِ عمل شرمناک ہے کہ ملک میں دہشت گردی کے سنگین خطرات منڈلا رہے ہیں جبکہ ایک دفاعی ادارے کا ترجمان ایک صوبے کے منتخب وزیراعلیٰ کے خلاف تمسخر آمیز رویہ اختیار کیے ہوئے ہے، جو نہ صرف قومی یکجہتی کے منافی ہے بلکہ دہشت گردی کے خلاف مشترکہ جدوجہد کو بھی نقصان پہنچاتا ہے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز