اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) نے وفاقی حکومت کے نام نہاد پیٹرول سبسڈی اور وفاقی وزراءکی پریس کانفرنس کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے اسے عوام کو بہلانے کی ایک کھلی دھوکہ بازی قرار دیا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی وفاقی حکومت کے فراڈ کے مترادف نام نہاد عوامی ریلیف کے اعلانات کو یکسر مسترد کرتی ہے،اس مسلط شدہ فارم 47 کی وفاقی حکومت نے جمعرات کو پیٹرول 137 روپے اور ڈیزل 184 روپے فی لیٹر بڑھا کر عوام پر مہنگائی کا ایٹم بم گرایا اور پھر صرف 24 گھنٹوں کے اندر تحریک انصاف اور شدید عوامی ردعمل کے دباو میں آ کر صرف پیٹرول کی قیمت میں 80 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا مگر حقیقت یہ ہے کہ پیٹرول اب بھی 57 روپے فی لیٹر مہنگا کر دیا گیا ہے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں ایک پیسے کی بھی کمی نہیں کی گئی،یہ حکومت کی کھلی رنگ بازی کے علاوہ کچھ نہیں۔تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ فارم 47 کے مسلط شدہ وزیراعظم صاحب نے قوم سے خطاب میں اعتراف کیا کہ انہوں نے عجلت میں کابینہ سے مشورہ نہیں کیا اور بعد میں ”مشورہ“ ملا کہ قیمت کم کی جائے،ہم پوچھتے ہیں کہ آئین کے مطابق وفاقی حکومت کا مطلب پوری کابینہ ہوتی ہے،نہ کہ ایک فرد،تو کیا شہباز شریف صاحب نے 137 روپے پیٹرول اور 184 روپے ڈیزل بڑھانے کا فیصلہ بغیر کسی سے مشورہ کئے اکیلے ہی کر لیا؟۔
ترجمان تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ وفاقی وزراء کی پریس کانفرنس نے سچ مزید واضح کر دیا،وہ پریس کانفرنس کم اور سٹیج ڈرامہ زیادہ تھی،عوام کو یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ وزیراعظم راتوں کو جاگتے ہیں،نیند نہیں آتی اور ہر وقت عوام کا سوچتے رہتے ہیں،عوام سب جانتی ہے،شہباز شریف صاحب کو بھی،ن لیگ کو بھی اور حکومتی اتحادیوں کو بھی کہ انہیں سوائے اپنے مفادات کے کسی کی فکر نہیں،حقیقت یہ ہے کہ یہ اضافہ ٹیکس شارٹ فال پورا کرنے کے لیے عوام کا خون نچوڑنے کی ایک بھونڈی کوشش تھی،چوری پکڑی گئی،کھیل نہیں چلا تو یوٹرن لینا پڑا،وہ بھی آدھا،آج بھی پیٹرول 378 روپے فی لیٹر ہے اور ڈیزل 520 روپے فی لیٹر پر جوں کا توں کھڑا ہے تو کس ریلیف کی بات ہو رہی ہے؟۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری ٹرانسپورٹ مفت کرنے کا اعلان اور موٹر سائیکل سواروں کیلئے دو ہزار روپے 20 لیٹر کی مد میں پیٹرول سبسڈی کا جھانسہ محض عوام کو بہلانے کا ایک اور ڈرامہ ہے،سبسڈی بھی صرف 70 سی سی موٹر سائیکل تک محدود! کیا 100 سی سی یا 125 سی سی موٹر سائیکل رکھنے والا امیر ہو گیا؟ کیا مہران یا آلٹو رکھنے والا امیر ہو گیا؟ ہرگز نہیں! یہ سب فضول اقدامات ہیں۔ترجمان تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ اصل حقیقت یہ ہے کہ پیٹرول کی لاگت تقریباً ڈھائی سو روپے فی لیٹر ہے اور باقی سارا بوجھ لیوی اور ٹیکسز کی شکل میں عوام پر ڈالا جا رہا ہے تاکہ حکومتی نااہلی اور ٹیکس شارٹ فال کو طرح طرح کے ٹیکس اور ڈیوٹیز لگا کر عوام کا خون پسینہ نچوڑ کر پورا کرنے کی کوشش کی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ چار سال میں اوسط شرح نمو صرف ایک اشاریہ چھ فیصد رہی ہے،یہ کارکردگی نہیں بلکہ ناکامی ہے،دوسری طرف حکمرانوں کے غیر ملکی دورے،شاہانہ اخراجات اور اربوں روپے کی عیاشیاں جاری ہیں،حالیہ مثال پنجاب کی وزیر اعلیٰ کا اربوں روپے کا شاہانہ جہاز ہے جس پر کروڑوں روپے ماہانہ خرچ ہوتے رہینگے پھر یہ دعویٰ کیا جاتا ہے کہ یہ عوام کے درد میں مبتلا ہیں،یہ سب جھوٹ،دھوکہ اور فریب ہے،حقیقت یہ ہے کہ یہ حکومت خود ایک دھوکے اور فریب کی پیداوار ہے۔
تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ن لیگ کی پرانی فنکاری ایک بار پھر بے نقاب ہو چکی ہے،پہلے قیمتیں 458 روپے تک لے جاو پھر 80 روپے کم کر کے ”ریلیف“ کا ڈھونگ رچاو اور اصل اضافہ 378 روپے پر برقرار رکھو مگر اب عوام اس دھوکے کو سمجھ چکی ہے،ہماری جماعت 378 روپے فی لیٹر پیٹرول اور 520 روپے فی لیٹر ڈیزل کی قیمت کو مکمل طور پر مسترد کرتی ہے۔پاکستان تحریک انصاف نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرول پر عائد تمام غیر ضروری ٹیکسز اور لیویز ختم کر کے قیمت 300 روپے فی لیٹر مقرر کی جائے،اسی طرح ڈیزل، جو اس وقت 520 روپے فی لیٹر کی تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے،فوری طور پر کم کر کے سابقہ سطح پر بحال کیا جائے کیونکہ مہنگائی،ٹرانسپورٹ کرایوں اور روزمرہ اشیاء کی قیمتوں کا براہ راست انحصار ڈیزل پر ہے،اس قیمت پر نہ کاروبار ممکن ہے نہ عوام کو کوئی ریلیف مل سکتا ہے،خاص طور پر اس وقت جب گندم کی کٹائی کا سیزن جاری ہے،کسانوں کے لیے 520 روپے فی لیٹر ڈیزل کے ساتھ کھیتی باڑی جاری رکھنا ناممکن ہو چکا ہے،اگر حکومت واقعی عوام کو ریلیف دینا چاہتی ہے تو فوری طور پر پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں جنگ سے پہلے والی سطح پر بحال کرے ورنہ یہ تمام دعوے محض کھوکھلے نعرے اور سیاسی ڈرامہ بازی ہیں۔پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے ویژن کے عین مطابق کسی صورت عوام کے حقوق پہ سمجھوتہ نہیں کرے گی اور ہم پاکستان کے ایک ایک فرد کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہمیشہ کھڑے رہینگے ۔