لاہور(ایگزو نیوز ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) نے مہنگائی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاجی تیاریاں تیز کر دی ہیں جبکہ پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے اعلان کیا ہے کہ اگر 9 اپریل کو لیاقت باغ میں جلسے کی اجازت نہ ملی تو عوامی آواز سڑکوں کے ذریعے بلند کی جائے گی اور فیصلہ سڑکوں پر ہو گا۔انہوں نے پارٹی کے تنظیمی عہدے داروں کو یکجہتی اور بھرپور شرکت کی ہدایات جاری کر دی ہیں جبکہ آئندہ چند روز میں آل پارٹیز کانفرنس کے ذریعے سیاسی جماعتوں کو بھی اس احتجاجی ایجنڈے میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق لاہور پریس کلب میں پارٹی رہنماوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سلمان اکرم راجا کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف آئندہ ایک یا دو روز میں آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ 7 اپریل کو علیمہ بی بی کی جانب سے پارٹی کے عہدے داروں کو کال دی گئی ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ دس ہزار تنظیمی عہدے دار اڈیالہ میں اکٹھے ہوں گے،9 اپریل کو وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا راولپنڈی میں جلسہ کریں گے تاہم اگر جلسے کی اجازت نہ ملی تو احتجاج سڑکوں پر ہو گا تاکہ عوامی آواز بلند کی جا سکے،مہنگائی کے خلاف احتجاجی مارچ بھی کیے جائیں گے اور پارٹی کے عہدے دار فعال کردار ادا کریں گے۔انہوں نے کسانوں کے لیے حکومت کی سبسڈی اور امدادی اقدامات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 1500 روپے ایک دفعہ دینے سے کسان کی زندگی کا مداوا نہیں ہو گا،کھاد،بجلی اور ٹیوب ویل کے اخراجات بڑھتے جا رہے ہیں اور موجودہ نظام غریب کو مزید نقصان پہنچا رہا ہے۔
سلمان اکرم راجہ نے اپنے انتخابی تجربے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ این اے 128 سے امیدوار تھے اور ایک لاکھ دس ہزار ووٹ سے جیتے جبکہ ان کے مدمقابل کو صرف دس سے پندرہ ہزار ووٹ ملے تھے۔انہوں نے بتایا کہ الیکشن کمیشن نے ان کا مقدمہ ایک ایسے جج کے حوالے کیا جو کبھی ہائی کورٹ کا جج نہیں رہا اور اس حوالے سے سپریم کورٹ نے بھی فیصلہ دیا ہے کہ یہ شخص جج ہونے کا حق نہیں رکھتا۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو سال میں کسی بھی مقدمے میں تمام گواہی اور شہادت کو دیکھنے کے بعد درست فیصلہ نہیں کیا گیا بلکہ مقدمات اس بنیاد پر خارج کیے گئے کہ اوتھ کمشنر کے دستخط یا تاریخ درست نہیں تھی یا متعلقہ جگہ مہر نہیں لگائی گئی تھی۔اس کے نتیجے میں تمام الیکشن مقدمات متاثر ہوئے اور انصاف کے معیار پر سوالات اٹھائے گئے۔سلمان اکرم راجہ نے زور دیا کہ عوام کے مسائل کے حل کے لیے تمام اقدامات کیے جائیں گے اور سیاسی قیادت احتجاج کے لیے تیار ہے تاکہ مہنگائی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف عوامی آواز بلند ہو سکے۔