Home » اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر پی ٹی آئی کا شو ناکام،اندرونی اختلافات کھل کر سامنے آگئے،سلمان اکرم راجہ پارلیمنٹیرینز کی عدم شرکت پر برہم

اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر پی ٹی آئی کا شو ناکام،اندرونی اختلافات کھل کر سامنے آگئے،سلمان اکرم راجہ پارلیمنٹیرینز کی عدم شرکت پر برہم

by ahmedportugal
14 views
A+A-
Reset

اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کی جانب سے دی گئی احتجاج کی کال خاطر خواہ ردعمل حاصل نہ کر سکی،جہاں محدود تعداد میں پارلیمنٹیرینز کی شرکت نے نہ صرف پارٹی کی تنظیمی کمزوری کو بے نقاب کیا بلکہ اندرونی اختلافات بھی کھل کر سامنے آگئے۔احتجاج میں پارلیمنٹیرینز کی عدم شرکت پر رہنما سلمان اکرم راجہ نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی اراکین کی کارکردگی پر سوالات اٹھا تے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کی صحت تشویش ناک ہے،میں نے گڑگڑا کر اراکین پارلیمنٹ سے التجاءکی تھی کہ ہائیکورٹ کے باہر پہنچیں،آج بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق اہم نکات جمع کروانے ہیں،کہاں ہیں یہ سارے لوگ؟کیوں نہیں آئے؟اب بہت ہو گیا،میں سب کے نام سامنے لاوں گا کون کہاں کھڑا ہے؟
ایگزو نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر اراکین اسمبلی کے احتجاج کی دی گئی کال موثر ثابت نہ ہو سکی،جہاں طے شدہ وقت پر محدود تعداد میں پارلیمنٹیرینز نے شرکت کی۔گزشتہ شب ہونے والے اجلاس میں تمام منتخب نمائندوں کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ صبح دس بجے اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر پہنچیں تاہم عملی طور پر صرف چند رہنما ہی موقع پر موجود تھے۔ہائیکورٹ کے باہر پہنچنے والوں میں علی محمد خان،سینیٹر مشعال یوسفزئی، سینیٹر فلک ناز چترالی،شفقّت اعوان اور جنید اکبر شامل تھے جبکہ سلمان اکرم راجہ بھی مختصر وقت کے لیے وہاں آئے اور بعد ازاں روانہ ہو گئے۔اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے اور پولیس کی اضافی نفری کے ساتھ قیدی وینز بھی تعینات تھیں۔

احتجاج میں نمایاں عدم شرکت پر سلمان اکرم راجہ نے اپنے ہی اراکین اسمبلی پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ان کا کہنا تھا کہ پارٹی قیادت کی بارہا اپیلوں کے باوجود نہ تو پارلیمنٹیرینز بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں اور نہ ہی مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے،جب اراکین سے کہا جاتا ہے کہ اپنی تنخواہ میں سے ایک معمولی حصہ پارٹی اور قید کارکنوں کے لیے مختص کریں تو اس پر بھی عمل نہیں کیا جاتا۔انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو احتجاج کے لیے بلایا جاتا ہے مگر مطلوبہ تعداد میں لوگ سامنے نہیں آتے،حالانکہ بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق اہم معاملات عدالت میں اٹھائے جانے تھے،اب وقت آ گیا ہے کہ واضح کیا جائے کون کہاں کھڑا ہے اور وہ جلد تمام حقائق عوام کے سامنے رکھیں گے۔سلمان اکرم راجہ نے زور دیا کہ احتجاج اور سیاسی جدوجہد سے کسی کو استثنیٰ حاصل نہیں،خواہ وہ سیاسی کارکن ہو،وکیل ہو یا میڈیا سے وابستہ فرد،بانی پی ٹی آئی کی صحت کے حوالے سے آنے والی اطلاعات تشویشناک ہیں اور قوم اس معاملے پر مزید خاموش نہیں رہ سکتی۔انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال عوام کے صبر کا امتحان بن چکی ہے اور پارٹی کو آئندہ لائحہ عمل کے تحت مزید سرگرم اقدامات کرنا ہوں گے۔ان کے مطابق جلد اہم اعلانات کیے جائیں گے اور آنے والے دنوں میں سیاسی سرگرمیوں میں تیزی آئے گی۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پارٹی اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹے گی اور عوامی حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز