وفاقی حکومت نے 24 نومبر کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ’فیصلہ کن‘ احتجاج کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت میں رینجرز تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزارت داخلہ نے اتوار کے احتجاج کے دوران ممکنہ بدامنی اور تشدد سے نمٹنے کے لیے پاکستان رینجرز اور فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) کو تعینات کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ اسلام آباد کے چیف کمشنر نے وزارت داخلہ کو خط لکھ کر رینجرز اور ایف سی کی تعیناتی کی درخواست کی تھی۔
اس حوالے سے ایک نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ دونوں نیم فوجی دستے انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت دارالحکومت میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے اسلام آباد پولیس کی مدد کریں گے۔
ذرائع کے مطابق کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو روکنے کے لیے رینجرز کے اہلکار اسلام آباد بھر کے اسٹریٹجک مقامات پر تعینات کیے جائیں گے، ان کا بنیادی مقصد امن و امان برقرار رکھنے، عوامی املاک کی حفاظت اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے میں پولیس کی مدد کرنا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے 24 نومبر کو اسلام آباد میں احتجاج کی تاریخ کا اعلان کر دیا۔