راولپنڈی(ایگزو نیوز ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کی جانب سے گذشتہ روز بانی چیئرمین عمران خان کی رہائی کے مطالبے پر نکالی گئی ریلی انتظامیہ کے لیے نئی مشکل بن گئی، پولیس نے ریلی میں شریک 30 رہنماوں اور کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج کرکے گرفتاریوں کے لیے کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔
ایگزو نیوز کے مطابق انصاف یوتھ ونگ شمالی پنجاب کی ہدایت پر ضلع راولپنڈی کی تنظیم نے صدر ملک تحلیل اور جنرل سیکرٹری انور عثمانی کی قیادت میں گذشتہ روز مری روڈ پر ”عمران خان رہا کرو“ ریلی نکالی گئی جس میں یوتھ ونگ شمالی پنجاب کے صدر راجہ ثاقب علی، جنرل سیکرٹری شجاع عباسی اور ایڈوائزر حنیف عباسی سمیت دیگر رہنماوں اور کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔پولیس نے ریلی کے شرکا کے خلاف تھانہ کینٹ میں مقدمہ درج کیا، جس کے متن کے مطابق مظاہرین نے مری روڈ بند کر کے دفعہ 144 کی خلاف ورزی کی اور عوامی آمد و رفت میں رکاوٹ پیدا کی۔ مقدمے میں یہ الزام بھی عائد کیا گیا ہے کہ ”شرپسند عناصر“ نے پارٹی پرچموں کے ساتھ حکومت مخالف نعرے لگائے اور عوامی نظم و ضبط کو متاثر کیا۔ذرائع کے مطابق پولیس نے مقدمہ درج ہونے کے بعد ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنا شروع کر دیے ہیں، جب کہ حکام کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز کی مدد سے بھی شرکا کی شناخت کر کے گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں گی۔پولیس حکام نے واضح کیا ہے کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، جبکہ پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ پرامن ریلی کو طاقت کے ذریعے دبانا بنیادی جمہوری حق کی نفی ہے،صدرراولپنڈی یوتھ ونگ ملک تحلیل کے گھر رات گئے پنجاب پولیس نے بھاری نفری کے ساتھ ریڈ کیا لیکن ملک تحلیل گھر پر موجود نہیں تھے جبکہ پولیس نے انکی فیملی کو زدو کوب کیا،گھر میں توڑ پھوڑ کی، قیمتی سامان ساتھ اٹھا کر لے گئے۔
