پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت میں اختلافات کھل کر سامنے آگئے، پارٹی رہنماوں نے احتجاج کی ناکامی کی ذمہ داری سابق خاتون اول بشریٰ بی بی پر ڈال دی۔
پی ٹی آئی کے بانی نے رہنماوں اور کارکنوں کو ڈی چوک پر جانے سے منع کیا تھا اس کے باوجود بشریٰ بی بی نے کارکنوں کو ڈی چوک جانے پر مجبور کیا۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے گنڈا پور اور سابق خاتون اول میں بحث بھی ہوئی تھی لیکن انہوں نے اپنے شوہر کے حکم کی نافرمانی کرتے ہوئے آگے بڑھنے پر اصرار کیا۔
پارٹی ذرائع نے مزید بتایا کہ عمر ایوب اور وزیر اعلیٰ کے پی بشریٰ بی بی کے سامنے بے بس تھے۔ گنڈا پور کو عمران خان کی اہلیہ کا خیبر پختونخوا سے ریلی میں شامل ہونے پر بھی اعتراض تھا۔ اس کے بعد بشری بی بی نے ریلی کی قیادت کرنے کو کہا تو گنڈا پور کو یہ بھی اچھا نہیں لگا لیکن خاموشی سے آگے بڑھتے رہے۔
رہنما کے پی شوکت یوسفزئی نے بھی ریلی میں سابق خاتون اول کے کردار پر سوال اٹھائے ہیں۔ انہوں نے پوچھا کہ جب بانی نے ڈی چوک جانے سے منع کیا تھا تو بشریٰ بی بی کارکنوں کو وہاں کیوں لے گئی۔ بیڑسٹر سیف نے بھی تصدیق کی ہے کہ بانی نے ڈی چوک میں احتجاج کا ارادہ بدل دیا تھا۔