پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماوں نے 190 ملین پاونڈ کیس کا فیصلہ اعلیٰ عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے۔
رہنما پی ٹی آئی اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے پارلیمنٹ کے باہر پارٹی کے دیگر رہنماوں کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور اُن کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو سزا سنائے جانے کی فیصلے کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے فیصلے اُن کی تحریک کو کمزور نہیں کر سکتے۔
واضح رہے کہ انسداد بدعنوانی کی عدالت نے سابق وزیراعظم اور عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو 190 ملین پاؤنڈ القادر ٹرسٹ کرپشن کیس میں قید کی سزا سنا دی۔ بانی کو 14 سال جبکہ بشریٰ بی بی کو 7 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ جیل کی سزا کے علاوہ عمران پر 10 لاکھ اور بشریٰ بی بی کو 50 لاکھ روپے جرمانہ بھی کیا گیا۔ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں عمران کو چھ ماہ قید بھگتنا ہو گی۔ انسداد بدعنوانی کی عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے فیصلہ صبح ساڑھے گیارہ بجے کے بعد اڈیالہ جیل میں سنایا۔