پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اعظم خان سواتی کو پیر کے روز سنگجانی میں عوامی اجتماع سے متعلق کیس میں ضمانت کے بعد اٹک جیل سے رہا کر دیا گیا۔
سواتی کی ضمانت دو روز قبل لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی بینچ نے منظور کی تھی۔ ضمانتی بانڈز جمع کرانے کے بعد ان کی رہائی کے احکامات جاری کیے گئے۔
ذرائع نے بتایا کہ ان کی رہائی کے بعد پی ٹی آئی رہنما خیبرپختونخوا کے لیے روانہ ہو گئے۔
واضح رہے کہ اعظم سواتی اس سے قبل ٹیکسلا تھانے میں درج ایک الگ مقدمے کے سلسلے میں اٹک جیل میں نظر بند تھے۔