راولپنڈی(ایگزو نیوز ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے ممبران اسمبلی ڈاکٹر امجد علی خان اور صاحبزادہ صبغت اللہ نے اڈیالہ پولیس کے غیر اخلاقی اور نا مناسب رویے کے خلاف سخت قانونی اور پارلیمانی اقدام کرنے کا فیصلہ کر لیا،دونوں ارکان اسمبلی گزشتہ روز اڈیالہ جیل پہنچے تھے تاہم پولیس نے انہیں جیل کے اندر داخل ہونے اور ملاقات کی اجازت دینے سے روک دیا،جس پر انہوں نے شدید تحفظات کا اظہار کیا۔
ایگزو نیوز کے مطابق ڈاکٹر امجد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منتخب عوامی نمائندوں کو ان کے آئینی اور قانونی فرائض کی ادائیگی سے روکنا نہ صرف تشویشناک ہے بلکہ یہ رویہ جمہوری اقدار کے منافی بھی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پولیس کے اس طرزِ عمل کے باعث انہوں نے تحریک استحقاق لانے کا فیصلہ کیا ہے تا کہ معاملے کو پارلیمنٹ کے فورم پر اٹھایا جا سکے۔ڈاکٹر امجد کے مطابق اگر منتخب نمائندوں کے ساتھ اس نوعیت کا سلوک روا رکھا جا رہا ہے تو عام شہریوں کے لیے حالات کا اندازہ لگانا مشکل نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پولیس کے ایسے اقدامات سے معاشرے میں نفرتیں جنم لیتی ہیں اور عوام کا ریاستی اداروں پر اعتماد مجروح ہوتا ہے جو کسی بھی جمہوری نظام کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔ڈاکٹر امجد نے واضح کیا کہ وہ اس معاملے کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے ہر آئینی اور قانونی راستہ اختیار کریں گے۔اس موقع پر صاحبزادہ صبغت اللہ نے بھی پولیس کے رویے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ باقاعدہ طور پر اڈیالہ جیل کے گیٹ تک پہنچے مگر اس کے باوجود انہیں ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی وضاحت کے بغیر واپس بھیج دیا جانا نہایت افسوسناک اور غیر ذمہ دارانہ عمل ہے۔ملاقات کی اجازت نہ ملنے کے باعث دونوں ممبران اسمبلی اڈیالہ جیل سے واپس روانہ ہو گئے۔تحریک انصاف کے ذرائع کے مطابق پارٹی قیادت کو واقعے سے آگاہ کر دیا گیا ہے اور آئندہ لائحہ عمل کے تحت قانونی اور پارلیمانی سطح پر کارروائی کی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس کے اس رویے پر جواب طلب کرنے اور آئینی و قانونی ذمہ داریوں کو یقینی بنانے کے لیے معاملہ متعلقہ فورمز پر اٹھایا جائے گا۔
اڈیالہ جیل کے باہر منتخب نمائندے روکنے کا معاملہ،پولیس رویے پر تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی شدید برہم،تحریک استحقاق لانے کا اعلان
5