پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ بانی عمران خان چاہتے ہیں کہ حکومت اُن کے مطالبات کو ایک مخصوص ٹائم فریم میں حل کرے۔
اطلاعات کے مطابق بیرسٹر گوہر نے اڈیالہ جیل کے دورے کے دوران عمران خان کو حکومت کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کے حالیہ دور سے آگاہ کیا۔ گوہر کے مطابق عمران خان نے مذاکرات کے آغاز پر اطمینان کا اظہار کیا لیکن بات چیت کیلئے واضح ٹائم لائن کی ضرورت پر زور دیا۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ اس بات کو برقرار رکھا ہے کہ بامعنی مذاکرات کیلئے ایک ٹائم فریم ضروری ہے۔
انہوں نے مزید زور دے کر کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کے مطالبات جائز ہیں، اور پی ٹی آئی کو ایک مقررہ مدت میں پیش رفت کی توقع ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ پارٹی کی کور کمیٹی نے اس معاملے پر بات چیت کی ہے اور مذاکرات کے اگلے دور میں حکومت کو مطالبات کا تفصیلی چارٹر پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔