راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے جی ایچ کیو حملہ کیس میں پی ٹی آئی کے بانی عمران خان اور پارٹی کے دیگر 10 رہنماؤں کی فرد جرم کے خلاف درخواستیں خارج کر دیں۔
تفصیلات کے مطابق عدالت نے قرار دیا کہ استغاثہ کے شواہد ٹرائل شروع کرنے کے لیے کافی ہیں، ملزمان پر فرد جرم عائد ہو چکی ہے۔ اے ٹی سی کے جج امجد علی شاہ نے محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا۔
جی ایچ کیو حملہ کیس میں پی ٹی آئی کے بانی عمران خان، شاہ محمود قریشی، کے پی کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور اور کئی دیگر رہنماؤں نے فرد جرم کے خلاف درخواستیں دائر کی تھیں۔
عدالت نے فواد چوہدری اور شیخ رشید کی درخواستیں بھی مسترد کر دیں۔
دریں اثنا، اے ٹی سی نے ایم این اے احمد چٹھہ سمیت پی ٹی آئی کے 5 رہنماؤں کی درخواستیں بھی خارج کردیں جس میں انہوں نے عمرے کے لیے بیرون ملک جانے کا مطالبہ کیا تھا۔
بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کردی۔