پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پارٹی کے بانی عمران خان کی ہدایت کے بعد، فواد چوہدری سے تعلقات منقطع کر لیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بیرسٹر گوہر نے پی ٹی آئی کے بانی عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورتحال، پارٹی امور اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں عمران خان نے پارٹی سرگرمیوں اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کیں۔
اہم فیصلے میں عمران خان نے پارٹی کو فواد چوہدری سے علیحدگی اختیار کرنے کی ہدایت کردی۔ اس کے بعد پی ٹی آئی نے باضابطہ طور پر فواد چوہدری سے مکمل علیحدگی کا اعلان کردیا۔
پارٹی کے ترجمان بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ فواد چوہدری کا اب پی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہیں ہے اور وہ بیان دینے یا پارٹی کے موقف کی نمائندگی کرنے کے مجاز نہیں ہیں۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ فواد چوہدری حال ہی میں پارٹی امور میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے رہے ہیں اور وہ اکثر مختلف پلیٹ فارمز پر پی ٹی آئی کے نقطہ نظر کی نمائندگی کرتے رہے ہیں۔ تاہم عمران خان کے فیصلے نے اب فواد چوہدری کے سیاسی مستقبل پر غیر یقینی صورتحال پیدا کر دی ہے۔