پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے ملک میں ترسیلات زر بھیجنا بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
عمران خان سے ملاقات کے بعد اڈیالہ جیل کے باہر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی نے کہا کہ حکومت کا پی ٹی آئی سے بات چیت کا کوئی ارادہ نہیں، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ کل سے ترسیلات زر روک دیں۔
علیمہ خان نے قیدیوں کی رہائی، 9 مئی اور 26 نومبر کو جوڈیشل کمیشن کے قیام کے اپنے بھائی کے مطالبات کو دہرایا اور یقین دلایا کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات شروع ہونے کی صورت میں عمران خان اپنا مطالبہ واپس لے لیں گے۔
یہ پیش رفت پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب کے اس دعوے کے بعد سامنے آئی ہے کہ حکومت پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات کیلئے سنجیدہ نہیں ہے۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے کہا کہ پی ٹی آئی کی مذاکراتی ٹیم کو اڈیالہ جیل میں پی ٹی آئی کے بانی سے ملاقات تک رسائی نہیں دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی کے بانی نے مذاکراتی ٹیم بنائی تاکہ کوئی یہ نہ کہہ سکے کہ یہ ٹیم مذاکرات کیلئے نہیں بنائی گئی۔