اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)نے خالی ہونے والی سینیٹ کی نشست کے لیے اپنے امیدوار کے طور پر عرفان سلیم کا نام فائنل کر دیا ہے،جو سابق وفاقی وزیر مراد سعید کی نا اہلی کے بعد خالی ہوئی،دوسری جانب محمود اچکزئی نے اس نشست کے لیے اخوانزادہ حسین یوسفزئی کو بھی میدان میں اتار دیا ہے،جس کی تصدیق اپوزیشن رہنما علامہ ناصر عباس نے کی،یہ نشست نہ صرف پارٹی کے اندرونی توازن بلکہ اپوزیشن اور حکومت کے درمیان سیاسی کشمکش کی بھی عکاس ہوگی۔
ایگزو نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے سینیٹ کی خالی نشست کے لیے اپنے امیدوار کے طور پر عرفان سلیم کا نام فائنل کر دیا ہے۔یہ نشست سابق وفاقی وزیر مراد سعید کی نا اہلی کے بعد خالی ہوئی تھی۔پارٹی کے پارلیمانی بورڈ نے متعدد امیدواروں کے کاغذات کی جانچ پڑتال اور تفصیلی مشاورت کے بعد عرفان سلیم کو حتمی امیدوار کے طور پر منظور کیا ہے جبکہ سجاد مہمند،غلام بادشاہ اور سردار خان کو کورننگ امیدواروں کے طور پر رکھا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق پارلیمانی بورڈ کا اجلاس خیبرپختونخوا ہاوس اسلام آباد میں منعقد ہوا،جس میں امیدوار کے انتخاب کے لیے مختلف نکات پر غور کیا گیا۔اجلاس میں یہ بات بھی زیر بحث آئی کہ عرفان سلیم کا نام 9 مئی کے واقعات سے منسلک ہے جبکہ فیض الرحمان نے پارٹی قیادت کے قانونی مقدمات میں معاونت فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا،جس کی روشنی میں حتمی فیصلہ لیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق سینیٹ کی نشست کے لیے مجموعی طور پر 54 امیدواروں نے پارٹی کو کاغذات جمع کروائے تھے،جن میں سے صرف چند امیدواروں کو حتمی فہرست میں شامل کیا گیا۔بورڈ نے امیدوار کے انتخاب میں پارٹی کی قانونی،سیاسی اور عوامی ترجیحات کو مدنظر رکھا۔دوسری جانب اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان نے اس نشست کے لیے اخوانزادہ حسین یوسفزئی کو امیدوار کے طور پر تجویز کیا ہے،اس نام کی تصدیق اپوزیشن رہنما علامہ راجا ناصر عباس نے کی،جن کے مطابق یہ نام مختلف اپوزیشن رہنماوں بشمول محمود خان اچکزئی کی مشاورت سے سامنے آیا۔واضح رہے کہ یہ سینیٹ کی نشست نہ صرف پارٹیوں کے اندرونی اتحاد بلکہ اپوزیشن اور حکومت کے درمیان طاقت کے توازن کا بھی امتحان ثابت ہو گی۔اس حوالے سے انتخابی نتائج اور امیدواروں کے تعلقات عوام اور سیاسی حلقوں میں خصوصی دلچسپی کا سبب بن گئے ہیں۔
مراد سعید کی جگہ عرفان سلیم کا نام سینیٹ امیدوار فائنل،اخوانزادہ حسین یوسفزئی بھی میدان میں
5