لاہور انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو 8 فروری کو مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا۔
ڈی سی سید موسیٰ رضا نے مختلف وجوہات کی بنا پر جلسے کی اجازت دینے سے انکار کیا۔ پی ٹی آئی نے 8 فروری کو جلسے کی اجازت کیلئے درخواست ڈی سی آفس جمع کرائی تھی۔ درخواست تحریک انصاف کی چیف آرگنائزر پنجاب عالیہ حمزہ نے جمع کرائی تھی۔
ڈی سی آفس کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ سکیورٹی وجوہات اور تھریٹس کی وجہ سے جلسے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ لاہور میں ٹرائی نیشن سیریز، فیس فیسٹیول ، ہارس اینڈ کیٹل شو سمیت دیگر اہم ایونٹس ہیں۔ سکیورٹی کیلئے نفری تعینات کی گئی ہے جن وجوہات پر جلسے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
لاہور میں سکیورٹی کیلئے پہلے ہی رینجرز اور پاک فوج کی خدمات لی گئی ہیں۔ غیر ملکی مہمانوں کی سخت سکیورٹی کی وجوہات پر جلسے کیلئے اضافی نفری فراہم نہیں کر سکتے۔
نوٹیفکیشن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ماضی میں بھی تحریک انصاف کی جانب سے نازیبا زبان کا استعمال کیا گیا، نو مئی سمیت مختلف سیاسی اجتماعات پر گالم گلوچ ، جوڈیشری ، حکومت کیخلاف بیانات دیے گئے۔