پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان کا کہنا ہے ان کی پارٹی نے موجودہ حکمران جماعت کو کسی قسم کی بات چیت کی پیشکش نہیں کی ہے۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے مزید کہا کہ قومی اسمبلی کے سپیکر ایاز صادق سے ملاقات میں صرف قومی اسمبلی سے متعلق امور پر بات ہوئی۔ پی ٹی آئی چیئرمین کی تردید کے برعکس، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین اور پی ٹی آئی کی زیر قیادت اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے مسلم لیگ ن کی طرف سے مذاکرات کی پیشکش کی تصدیق کی ہے۔
اسلام آباد میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران اچکزئی کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف سمیت تمام سیاسی قیادت آئین کے حوالے سے ایک پیج پر ہے، انہوں نے کہا کہ میں رانا ثناء اللہ سے ملا ہوں، ملک کو آگے لے جانے کا کوئی اور راستہ نہیں ہے سوائے مذاکرات کے۔ اچکزئی نے کہا کہ پی ٹی آئی کو وزیراعظم شہباز شریف کی مذاکرات کی پیشکش کا مثبت جواب دینا چاہیے تھا۔