اسلام آباد(ایگزو نیوزڈیسک)راولاکوٹ میں پیش آنے والے خونریز واقعات پر پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) آزاد جموں و کشمیر نے شدید ردعمل دیتے ہوئے کشمیری عوام پر طاقت کے استعمال کو ناقابل قبول قرار دیا ہے اور حکومت سے فوری طور پر کریک ڈاون روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔پارٹی نے کہا ہے کہ مظاہرین کے خلاف طاقت کا اندھا استعمال نہ صرف انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے بلکہ اس سے خطے کی نازک صورتحال مزید خراب ہونے کا خدشہ ہے لہٰذا حالات کو سنبھالنے کے لیے فوری مذاکرات اور شفاف تحقیقات ناگزیر ہیں۔
ایگزو نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف آزاد جموں و کشمیر نے راولاکوٹ (پونچھ)سمیت مختلف علاقوں میں پیش آنے والے حالیہ پرتشدد واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور حکومت سے فوری طور پر طاقت کے استعمال کو روکنے، شفاف تحقیقات کرانے اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔پارٹی کے مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ راولاکوٹ میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال،مظاہرین پر فائرنگ اور سی ایم ایچ کے باہر پیش آنے والے دلخراش واقعات نہایت افسوسناک اور قابل مذمت ہیں۔بیان کے مطابق ریاست کی بنیادی ذمہ داری شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ہے،نہ کہ اپنے ہی عوام کے خلاف طاقت کا اندھا استعمال۔بیان میں کہا گیا کہ کریک ڈاون کے نتیجے میں قیمتی جانوں کا ضیاع اور سینکڑوں افراد کا زخمی ہونا ایک سنگین انسانی المیہ ہے جبکہ متاثرہ خاندانوں کا دکھ پوری قوم کا مشترکہ دکھ ہے۔پارٹی نے اس بات پر زور دیا کہ عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے بجائے طاقت اور تشدد کا راستہ اختیار کرنا کسی بھی مہذب معاشرے کے اصولوں کے منافی ہے۔پاکستان تحریک انصاف نے واضح کیا کہ عوامی ایکشن کمیٹی کے معاشی اور آئینی مطالبات کو طاقت کے بجائے مذاکرات کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے تھا تاہم طاقت کے استعمال نے صورتحال کو مزید خراب کر دیا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ سیاسی بصیرت اور سنجیدہ مکالمہ ہی ایسے بحرانوں کا موثر حل ہو سکتا ہے۔پارٹی نے اس امر پر بھی تشویش ظاہر کی کہ آزاد جموں و کشمیر ایک حساس سرحدی خطہ ہے جہاں کسی بھی قسم کی داخلی بدامنی دشمن قوتوں کو فائدہ پہنچا سکتی ہے۔بیان میں کہا گیا کہ بھارت ایسے مواقع کی تلاش میں رہتا ہے تاکہ تحریک آزادی کشمیر کو نقصان پہنچایا جا سکے اور داخلی کشیدگی دشمن کے پروپیگنڈے کو تقویت دیتی ہے جو قومی سلامتی کے لیے خطرناک ہے۔پاکستان تحریک انصاف نے حکومت اور انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر حالات کو کنٹرول کرنے کے لیے طاقت کے استعمال کو روکا جائے،واقعے کی غیر جانبدار اور شفاف تحقیقات کروائی جائیں،ذمہ دار عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور مظاہرین کے ساتھ فوری طور پر بامقصد مذاکرات کا آغاز کیا جائے۔بیان کے اختتام پر کہا گیا کہ پاکستان تحریک انصاف اس مشکل وقت میں کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ حکمت،تدبر اور سیاسی بصیرت کے ذریعے حالات کو سنبھالا جائے تاکہ خطے میں امن بحال ہو اور عوام کا ریاستی اداروں پر اعتماد بحال کیا جا سکے۔