اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی)نے 13 جنوری کو اڈیالہ جیل کے باہر پیش آنے والے حکومتی جبر،پولیس تشدد اور غیر قانونی گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے مریم سرکار کی منظم غنڈہ گردی اور سیاسی انتقام قرار دیا اور عدلیہ سے سارے معاملے کا قانونی نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام گرفتار کارکنوں کو فوری رہا کیا جائے اور پر امن احتجاج کے دوران ضبط شدہ تمام اشیاء واپس کی جائیں،تحریک انصاف نے اعلان کیا ہے کہ پنجاب حکومت کے اس ظلم و جبر کے خلاف ہر آئینی اور قانونی فورم پر آواز بلند کی جائے گی۔
ایگزو نیوز کے مطابق ترجمان پاکستان تحریکِ انصاف کا کہنا تھا کہ پارٹی 13 جنوری بروز منگل اڈیالہ جیل کے باہر پیش آنے والے حکومتی جبر،پولیس گردی اور غیر قانونی کارروائیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے،عمران خان سے ملاقات کے لیے ان کے اہل خانہ اور پارٹی کارکنان آئینی و قانونی حق کے تحت جیل کے باہر موجود تھے مگر اس پرامن اور قانونی سرگرمی کو کچلنے کے لیے طاقت،تشدد اور ہراسانی کا سہارا لیا گیا،خواتین اور بچوں کا کوئی لحاظ کیے بغیر رات گئے تک لاٹھی چارج،دھکے اور بدسلوکی کا سلسلہ جاری رکھا گیا،اس غیر انسانی کارروائی کے نتیجے میں 11 مرد کارکنان کو تھانہ روات میں غیر قانونی طور پر حراست میں لیا گیا جبکہ تین خواتین،زلیخہ،ڈاکٹر اسماء اور ثنایہ سفیر کو راولپنڈی پولیس نے تحویل میں رکھا ہوا ہے،اسی طرح ایڈووکیٹ راجہ یاسر،شاہد خٹک کے بھائی عادل اور تنویر کو بھی گرفتار کر کے عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی،جو آئین اور جیل قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
ترجمان تحریک انصاف کا الزام عائد کرتے ہوئے کہنا تھا کہ راولپنڈی پولیس نے اڈیالہ جیل سے واپسی پر بحریہ ٹاون کے مقام پر ناکہ لگا کر شہریوں سے موبائل فون چھینے،خواتین کی گاڑیاں زبردستی قبضے میں لیں اور متعدد گاڑیوں کے شیشے توڑے،بعد ازاں شہریوں سے پیسے لے کر موبائل اور گاڑیاں واپس کی گئیں جبکہ جو افراد رشوت دینے سے انکار کرتے رہے،ان کی گاڑیاں بند کر کے ضبط کر لی گئیں،اس وقت بھی بحریہ چوکی پر متعدد شہریوں کی گاڑیاں غیر قانونی طور پر بند کر کے کھڑی کی گئی ہیں،نہ انہیں واپس کیا جا رہا ہے اور نہ ہی کسی قسم کی ایف آئی آر درج کی جا رہی ہے،راولپنڈی پولیس کی یہ فسطائیت پچھلے کئی ہفتوں سے اسی طرح جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف واضح طور پر اعلان کرتی ہے کہ یہ محض سیاسی انتقام نہیں بلکہ مریم سرکار کی ایک منظم حکومتی غنڈہ گردی،لوٹ مار اور قانون شکنی ہے،جس کا مقصد عمران خان اور ان کے اہل خانہ کو ملاقات کے آئینی حق سے محروم رکھنا اور عوام میں خوف پھیلانا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ تمام گرفتار مرد و خواتین کو فوری طور پر رہا کیا جائے،عمران خان کے اہل خانہ اور وکلاء کو بغیر کسی رکاوٹ کے ملاقات کی اجازت دی جائے،ذمہ دار پولیس اہلکاروں کے خلاف فوری فوجداری کارروائی کی جائے،بحریہ چوکی پر ضبط کی گئی تمام گاڑیاں اور موبائل بلا تاخیر واپس کیے جائیں اور اس کھلی بھتہ خوری،توڑ پھوڑ اور انسانی حقوق کی پامالی کی عدالتی تحقیقات کروائی جائیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف عوام کو یقین دلاتی ہے کہ اس ظلم، ناانصافی اور حکومتی بدمعاشی کے خلاف ہر آئینی، قانونی اور جمہوری فورم پر آواز بلند کی جائے گی، یہ ملک کسی تھانے دار یا جابر حکومت کی جاگیر نہیں بلکہ عوام کی امانت ہے اور اس امانت پر ڈاکہ ڈالنے والوں کو جوابدہ ہونا پڑے گا۔