پشاور(ایگزو نیوز ڈیسک)سابق وزیر اعظم عمران خان کی صحت سے متعلق بڑھتی ہوئی تشویش کے پیش نظر پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) خیبرپختونخوا کے صدر اور رکن قومی اسمبلی جنید اکبر خان نے احتجاجی حکمت عملی اختیار کر تے ہوئے کل نمازِ جمعہ کے بعد خیبرپختونخوا بھر میں احتجاجی مظاہرے کرنے کا اعلان کر دیا ہے ،صوبہ بھر میں ہونے والے احتجاج میں کارکنان اپنے قائد سے اظہارِ یکجہتی اور بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کا مطالبہ کریں گے۔
ایگزو نیوز کے مطابق پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر خان نے پارٹی کارکنان اور عوام کو بانی چیئرمین عمران خان کی صحت سے متعلق جاری صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کل جمعہ کے روز صوبہ بھر میں احتجاج کی کال دے دی ہے۔جنید اکبر کے جاری کردہ بیان کے مطابق نمازِ جمعہ کے بعد خیبرپختونخوا کے تمام اضلاع میں واقع پریس کلبز کے سامنے احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے،جن کا مقصد پارٹی قائد عمران خان کی صحت کے حوالے سے آواز بلند کرنا اور ان سے اظہارِ یکجہتی کرنا ہے۔انہوں نے کارکنان کو ہدایت کی کہ وہ بڑی تعداد میں گھروں سے نکلیں اور پرامن انداز میں احتجاج ریکارڈ کروائیں،یہ احتجاج کسی تصادم یا بدامنی کے لیے نہیں بلکہ اپنے قائد کے ساتھ سیاسی و اخلاقی وابستگی کے اظہار کے لیے ہو گا۔صوبائی صدر نے اپنے پیغام میں کہا کہ قوم اپنے لیڈر کے لیے باہر نکلے کیونکہ عمران خان نے عوام کے حقوق اور حقیقی آزادی کی جدوجہد میں طویل قید برداشت کی،اب وقت آ گیا ہے کہ کارکنان اور عوام ان کی صحت اور سلامتی کے لیے متحد ہو کر آواز بلند کریں۔جنید اکبر نے مزید کہا کہ پارٹی قیادت نے تمام ضلعی و تحصیل تنظیموں کو ہدایات جاری کر دی ہیں کہ احتجاج کو منظم اور پرامن رکھا جائے،کسی قسم کی قانون شکنی یا اشتعال انگیزی سے گریز کیا جائے اور مقامی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کو یقینی بنایا جائے۔پی ٹی آئی کی جانب سے جاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ کارکنان بینرز اور پلے کارڈز کے ساتھ احتجاج میں شرکت کریں اور عمران خان کی صحت کے حوالے سے فوری طبی سہولیات اور انسانی بنیادوں پر اقدامات کا مطالبہ کریں۔دوسری جانب پارٹی رہنماوں نے واضح کیا ہے کہ احتجاج مکمل طور پر آئینی و جمہوری دائرے میں ہو گا اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے تنظیمی نظم و ضبط کو یقینی بنایا جائے گا۔
عمران خان کی صحت کا معاملہ،تحریک انصاف نے جمعہ کو احتجاج کا اعلان کر دیا
18