Home » پیٹرول قیمتوں میں تاریخی اضافہ،پی ٹی آئی کا سخت ردعمل،اے پی سی بلانے کا فیصلہ

پیٹرول قیمتوں میں تاریخی اضافہ،پی ٹی آئی کا سخت ردعمل،اے پی سی بلانے کا فیصلہ

by ahmedportugal
5 views
A+A-
Reset

اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تاریخی اضافے کے خلاف سیاسی درجہ حرارت بڑھ گیا ہے،پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) نے سخت ردعمل دیتے ہوئے ہم خیال جماعتوں کو ساتھ ملا کر آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ کر لیا ہے،جس کا مقصد حکومتی پالیسیوں کے خلاف مشترکہ حکمت عملی تیار کرنا اور عوامی مسائل کو بھرپور انداز میں اجاگر کرنا ہے۔
ایگزو نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ غیر معمولی اضافے کے خلاف بڑا سیاسی قدم اٹھاتے ہوئے ہم خیال جماعتوں کو ساتھ ملا کر آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ کر لیا ہے،جس کا مقصد حکومت پر دباو بڑھانا اور عوامی ردعمل کو منظم کرنا بتایا جا رہا ہے۔خیبرپختونخوا ہاوس میں تیمور سلیم جھگڑا اور اخونزادہ حسین یوسف زئی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ نہ صرف غیر ضروری بلکہ عوام دشمن اقدام ہے،جس نے عام شہریوں خصوصاً غریب طبقے اور کسانوں کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ کر دیا ہے،عالمی سطح پر قیمتوں میں اضافہ ضرور ہوا تاہم پاکستان میں جس شدت سے نرخ بڑھائے گئے اس کی مثال کم ہی ملتی ہے،پٹرول اور ڈیزل ایک ایسی پروڈکٹ ہے جس کا کوئی متبادل نہیں،اس کی قیمتیں بڑھنے سے غریب آدمی،کسان ،مزدور براہِ راست متاثر ہو گا،اس حکومت نے بلاجواز قیمتیں بڑھائیں،پاکستان دنیا میں سب سے زیادہ قیمتیں بڑھانے والا ملک بن گیا ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ دنیا کے 96 ممالک میں قیمتوں میں ردوبدل دیکھنے میں آیا لیکن ویتنام کے بعد پاکستان میں سب سے زیادہ اضافہ ہوا جبکہ نائجیریا جیسے ملک کو بھی پیچھے چھوڑ دیا گیا۔بیرسٹر گوہر نے حکومت کی معاشی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکومتی نااہلی،ناقص منصوبہ بندی اور شاہ خرچیوں نے صورتحال کو اس نہج پر پہنچایا جبکہ پیٹرولیم لیوی کم نہ کرنا عوام پر اضافی بوجھ ڈالنے کے مترادف ہے،عوام پر بوجھ کم کرنے کی بجائے ٹیکسیوں میں مزید اضافہ کر کے اس بوجھ کو بڑھانے والی پاکستان پر مسلط شدہ جعلی حکومت آئی ایم ایف سے مذاکرات میں ناکام رہی،ذخیرہ اندوزی کنٹرول کرنے میں ناکام رہی، سمگلنگ بند کرنے میں ناکام رہی،اپنی شاہ خرچیوں کو کم کرنے میں ناکام رہی،ان تمام ناکامیوں کا بوجھ عوام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت عالمی مالیاتی اداروں کے ساتھ معاملات کو بہتر انداز میں طے کرنے میں ناکام رہی اور اب اس ناکامی کا بوجھ براہ راست عوام پر ڈالا جا رہا ہے،پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا اور روزمرہ اشیاءمزید مہنگی ہو جائیں گی۔

اس موقع پر تیمور سلیم جھگڑا نے بھی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چند برسوں میں معیشت کی بہتری کے لیے کوئی ٹھوس اقدامات نہیں کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں سب سے بڑے اضافے کا اعلان کرنا ہو تو شہباز شریف خود عوام کا سامنا نہیں کر سکتے،اسی بات سے ان کی لیڈرشپ کے معیار کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے،جو عوام کے ساتھ دوہرا معیار ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک دن میں پیٹرول کی قیمت میں 137 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 185 روپے بڑھا دی گئی ہیں،عوام کو ریلیف دینے کی بجائے پیٹرولیم لیوی میں 55 روپے فی لیٹر اضافہ کر دیا گیا ہے،ایک دن کا اضافہ اس وقت کی کل قیمت سے بھی زیادہ ہے جب مہنگائی مارچ میں شہباز شریف اور ان کے ساتھی عوام سے ہمدردی کا ڈرامہ کیا کرتے تھے،حکومت سبسڈی کے نام پر عوام کو دھوکہ دے رہی ہے اور جو ریلیف دیا جا رہا ہے وہ آٹے میں نمک کے برابر ہے۔

تیمور سلیم جھگڑا نے مزید کہا کہ خطے کے کئی ممالک بشمول ترکیہ،تھائی لینڈ، چین اور افغانستان میں پیٹرول پاکستان کے مقابلے میں سستا ہے جبکہ یہاں نہ صرف قیمتیں بڑھائی جا رہی ہیں بلکہ مختلف مدات میں ٹیکسز اور لیویز کا بوجھ بھی برقرار رکھا گیا ہے۔انہوں نے زور دیا کہ اگر واقعی معیشت کو بہتر کرنا ہے تو غیر ضروری اخراجات ختم کیے جائیں،بیوروکریسی کی مراعات کم کی جائیں اور وسائل کا منصفانہ استعمال یقینی بنایا جائے۔پی ٹی آئی قیادت نے اعلان کیا کہ آنے والی آل پارٹیز کانفرنس میں دیگر سیاسی جماعتوں کو مدعو کیا جائے گا تاکہ مہنگائی اور پیٹرولیم قیمتوں کے مسئلے پر مشترکہ حکمت عملی ترتیب دی جا سکے جبکہ حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ فوری طور پر قیمتوں میں کمی کرے اور عوام کو ریلیف فراہم کرے۔

You may also like

Featured

Recent Articles

About Us

Exo News میں خوش آمدید، پوری دنیا سے تازہ ترین خبروں کی اپ ڈیٹس اور مواد تلاش کرنے میں آپ کے قابل اعتماد پارٹنر۔ ہم نے خود کو سرمایہ کاری، ہنر مند نیوز ایڈیٹرز، خبروں کی فوری ترسیل، تنوع اور امیگریشن کی تشکیل کے ذریعے خبروں اور تفریح ​​کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر قائم کیا ہے۔

تمام مواد کے جملہ حقوق محفوظ ہیں © 2024 ایگزو نیوز