اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے غیرقانونی، بیہودہ اور نفرت انگیز ڈیجیٹل مواد کے خلاف ایک وسیع پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے 10 لاکھ سے زائد ویب لنکس بلاک کر دیے ہیں۔ لاہور ہائیکورٹ میں جمع کرائی گئی جامع رپورٹ کے مطابق مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر غیر قانونی مواد کے خلاف کریک ڈاون جاری رہا۔
ایگزو نیوز کے مطابق رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مجموعی طور پر 10 لاکھ 61 ہزار سے زائد ویب لنکس بلاک کیے گئے جبکہ نفرت انگیز مواد سمیت دیگر مختلف نوعیت کے مواد پر 14 لاکھ سے زائد لنکس پر پابندی عائد کی گئی۔فیس بک پر 2 لاکھ 29 ہزار سے زائد لنکس کی جانچ پڑتال کے بعد ایک لاکھ 97 ہزار لنکس بلاک کیے گئے۔انسٹاگرام پر 43 ہزار یو آر ایل چیک کیے گئے،جن میں سے 38 ہزار کو بند کیا گیا۔ٹک ٹاک پر سب سے زیادہ سخت کارروائی کی گئی،جہاں ایک لاکھ 74 ہزار سے زائد غیر قانونی لنکس کی جانچ کے بعد تقریباً 94 فیصد یعنی ایک لاکھ 63 ہزار سے زائد ویڈیوز اور لنکس بلاک کیے گئے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ ریاست اور دفاعِ پاکستان کے خلاف مواد کے 1 لاکھ 48 ہزار لنکس جبکہ مذہب کے خلاف مواد کے ایک لاکھ 9 ہزار سے زائد لنکس بلاک کیے گئے۔یوٹیوب پر 72 ہزار لنکس کی جانچ میں سے 64 ہزار لنکس کو بلاک کیا گیا جبکہ ایکس(ٹوئٹر) پر 1 لاکھ 12 ہزار سے زائد لنکس چیک کیے گئے لیکن صرف 70 ہزار 800 لنکس کو بلاک کیا جا سکا،جس سے یہاں بلاکنگ کی شرح 62 فیصد رہی،جو دیگر پلیٹ فارمز کے مقابلے میں کم ہے۔دیگر ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر تقریباً 9 لاکھ لنکس کی جانچ کے بعد 8 لاکھ 91 ہزار سے زائد لنکس بلاک کیے گئے۔
رپورٹ کے مطابق توہین عدالت، بیہودگی،اخلاقیات کے خلاف مواد،مذہب کے خلاف مواد،فرقہ واریت اور نفرت انگیز مواد پر سب سے سخت کارروائی کی گئی۔فرقہ وارانہ اور نفرت انگیز مواد کے 76 ہزار لنکس بلاک کیے گئے جبکہ ہتکِ عزت اور جعلی شناخت سے متعلق مواد پر سب سے کم بلاکنگ کی گئی۔بیہودگی اور اخلاقیات کے خلاف مواد کو اس کریک ڈاون میں سب سے زیادہ ترجیح دی گئی۔لاہور ہائیکورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ پر آئندہ سماعت میں مزید غور کیا جائے گا،جس کے بعد ممکنہ اقدامات اور مزید پابندیوں کا تعین کیا جائے گا۔