اسلام آباد(ایگزو نیوز ڈیسک)پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے واٹس ایپ صارفین کو بڑھتے ہوئے سائبر خطرات،ہیکنگ اور ممکنہ فراڈ سے محفوظ رکھنے کے لیے اہم حفاظتی ہدایات جاری کر دی ہیں۔اتھارٹی نے صارفین پر زور دیا ہے کہ وہ چند بنیادی سیکیورٹی اقدامات اپنا کر اپنے اکاونٹس کو غیر مجاز رسائی سے محفوظ بنا سکتے ہیں۔
ایگزو نیوز کے مطابق پی ٹی اے حکام کا کہن اہے کہ سائبر جرائم پیشہ عناصر مسلسل واٹس ایپ اکاونٹس کو نشانہ بنانے کی کوشش کرتے رہتے ہیں،اس لیے صارفین کو چاہیے کہ وہ اپنے ڈیجیٹل اکاونٹس کی حفاظت کے لیے اضافی حفاظتی اقدامات ضرور فعال کریں۔اتھارٹی نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ واٹس ایپ کا سیکیورٹی نوٹیفکیشن فیچر لازمی آن کریں۔اس مقصد کے لیے واٹس ایپ کی سیٹنگز میں جا کر اکاونٹ اور پھر سیکیورٹی نوٹیفکیشنز کے آپشن میں موجود “شو سیکیورٹی نوٹیفکیشنز” کو فعال کیا جائے۔پی ٹی اے کے مطابق اس فیچر کے ذریعے اکاونٹ کی سیکیورٹی میں کسی بھی تبدیلی کی فوری اطلاع صارف کو موصول ہوجاتی ہے۔پی ٹی اے نے یہ بھی مشورہ دیا ہے کہ صارفین اپنے واٹس ایپ اکاونٹ کے ساتھ ایک محفوظ اور فعال ای میل ایڈریس ضرور منسلک کریں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال،اکاونٹ لاک ہونے یا ہیکنگ کی صورت میں اکاونٹ کی بحالی آسانی سے ممکن ہوسکے۔اتھارٹی نے ٹو سٹیپ ویریفکیشن فیچر کو بھی فعال کرنے پر زور دیا ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق یہ اضافی حفاظتی تہہ ہیکرز کو اکاونٹ تک غیر مجاز رسائی حاصل کرنے سے روکنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے اور صارف کے ڈیٹا کو زیادہ محفوظ بناتی ہے۔پی ٹی اے نے خبردار کیا ہے کہ معمولی سی احتیاط صارفین کے ذاتی ڈیٹا،رابطوں اور ڈیجیٹل معلومات کو محفوظ رکھ سکتی ہے جبکہ لاپرواہی کی صورت میں نہ صرف اکاونٹ ہیک ہونے بلکہ سائبر فراڈ اور مالی نقصان کا خطرہ بھی بڑھ سکتا ہے۔اتھارٹی نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک لنک، غیر معروف پیغام یا تصدیقی کوڈ کو کسی دوسرے شخص کے ساتھ شیئر نہ کریں اور اپنے ڈیجیٹل اکاونٹس کی سیکیورٹی کو ہمیشہ ترجیح دیں۔